پھلواری شریف: عامر حنظلہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی،  سورج کمار سنگھ

انصاف منچ بہار کی جانب سے پھلواری شریف میں شہید ہونے والے عامر حنظلہ کے اہل خانہ کو پچیس لاکھ کا معاوضہ اور سرکاری نوکری دئے جانے کا مطالبہ کیا گیا

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

قومی آواز بیورو

مظفرپور: سی اے اے اور این آر سی مخالف مظاہرے کے دوران پولیس کی طرف سے کی گئی زیادتیوں کے خلاف ’انصاف منچ بہار‘ اور ’سی پی آئی ایم ایل‘ کی جانب سے بہار میں ریاست گیر احتجاج کیا گیا۔ اسی ضمن میں پھلواری شریف میں عامر حنظلہ کے قتل اور اورنگ آباد میں پولیس کی بربریت کے خلاف مظفرپور میں ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ انصاف منچ کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کر کے یہ اطلاع دی گئی۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر کو سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ’بہار بند‘ کے موقع پر پٹنہ کے پھلواری شریف میں اس وقت ایک انتہائی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تھا جب یہاں کے طالب علم  عامر حنظلہ لاپتہ ہو گئے تھے۔ بعد میں ان کی لاش گزشتہ 30 دسمبر کو رات دس بجے انتہائی خراب حالت میں برآمد ہوئی۔ پولیس کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی تدفین عمل میں آئی۔


عامر حنظلہ کی شہادت سے پورے بہار بالخصوص پھلواری شریف، پٹنہ کے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اسی طرح بہار کے اورنگ آباد میں بھی پولیس نے مسلمانوں کے گھروں میں داخل ہوکر لوٹ کو انجام دیا تھا۔ نیز پولیس نے لوگوں کے ساتھ تشدد بھی کیا تھا۔

سی پی ایم آئی ایل کے رکن اسمبلی سداما پرسد اور انصاف منچ بہار کے ریاستی سیکریٹری قیوم انصاری وغیرہ کی قیادت میں ایک جانچ ٹیم نے عامر حنظلہ کے والد سہیل عباسی اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ٹیم نے شہید عامر حنظلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے والد اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر انصاف منچ بہار کے ریاستی صدر سورج کمار سنگھ نے کہا کہ عامر حنظلہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کا خون رنگ لائے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عامر حنظلہ کے قاتلوں کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے۔ سورج کمار نے سیاہ قانون، سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کو ملک مخالف قرار دیا اور اس کے خلاف تحریک کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وہیں، سی پی آئی ایم ایل مظفرپور کے ضلعی سیکریٹری کرشن موہن  نے کہا کہ یہ قتل انتظامیہ کی ناکامی ہے۔ انہوں نے حکومت بہار پر الزام لگایا کہ حکومت کی غفلت کے نتیجے میں اتنا بڑا حادثہ رونما ہوا اور افسوس کی بات ہے کہ اب تک وزیر اعلیٰ نے ایک پریس بیان تک جاری نہیں کیا۔


انہوں نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھلواری حادثہ ہو یا اورنگ آباد پولیس انتظامیہ اپنے فرائض صحیح طریقے پر ادا نہیں کر رہی ہے۔

انہوں نے  نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید عامر حنظلہ کے والد کو پچیس لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے، نیز ان کے گھر کے کسی فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے حکومت، پٹنہ ہائی کورٹ کے کسی سینئر وکیل کو پی پی بنائے اورجلد از جلد قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

اس موقع پر پروفیسر اروند کمار ڈے، منوج یادو، رام شکل رام، انصاف منچ مظفرپور کے ضلعی صدر فہد زماں، اکبر اعظم صدیقی، مطلوب الرحمن، آئیسا لیڈر راہل سنگھ،دیپک کمار،وکیش کمار سنگھ، کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2020, 9:11 PM