مکیش امبانی کے گھر کا پتہ پوچھنے والا شخص حراست میں، ’انٹیلیا دیکھنے کا خواہشمند تھا‘
ملک کے سب سے امیر ترین صنعت کار مکیش امبانی کی جنوبی ممبئی میں واقع رہائش انٹیلیا میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا ہے
ممبئی: ملک کے سب سے امیر ترین صنعت کار مکیش امبانی کی جنوبی ممبئی میں واقع رہائش انٹیلیا میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ اقدام مکیش امبانی کے گھر کے باہر دو مشکوک افراد کو دیکھے جانے کے بعد لیا ہے۔ دریں اثنا، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ٹیکسی ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ دو لوگ اس سے انٹیلیا کے بارے میں پوچھ رہے تھے اور وہ ہندی زبان میں بات کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں بیگ تھا۔ آزاد میدان تھانہ پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور کا بیان درج کر لیا اور ایک اعلیٰ پولیس افسر کو صورت حال پر نظر رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ پولیس نے علاقہ میں سیکورٹی میں اضافہ کر دیا۔
ڈرائیور کی کال کے بعد پولیس نے کھیوج بین شروع کر دی اور ایک شخص کو نوی ممبئی سے حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گرفتار شدہ شخص انٹیلیا دیکھنے کے لئے پتہ پوچھ رہا تھا۔ جس گاڑی سے پتہ پوچھا گیا وہ ویگن آر تھی اور اسے بھی پولیس نے تلاش کر لیا ہے، یہ ایک ٹورسٹ گاڑی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس ڈرائیور سے پتہ پوچھا گیا وہ ایک گجراتی ہے اور ٹورسٹ ٹیکسی چلاتا ہے۔ شروعاتی جانچ میں پولیس کو کچھ مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی ہے۔
مکیش امبانی کی حفاظت گزشتہ فروری مہینے میں سخت کی گئی ہے۔ فروری میں ان کی رہائش کے پاس سے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک ایک ایس یو وی برآمد ہوئی تھی۔ ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی اور ان کا کنبہ 2012 سے جونی ممبئی کے پاش کمبالا ہل علاقہ میں ایک شاندار 27 منزلہ، 4 لاکھ مربع فٹ کی عمارت میں رہتے ہیں۔ اس عمارت کو انٹیلیا کہا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔