اخلاق لنچنگ کا اہم ملزم یوگی کی ریلی میں لگاتا نظر آیا ’یوگی-یوگی‘ کا نعرہ

یوگی کی بساہڑا گاؤں کی ریلی تنازعہ کا شکار ہوگئی ہے۔ اس ریلی میں اخلاق لنچنگ کا اہم ملزم وشال سنگھ اگلی صف میں بیٹھا نظر آیا، جو ویڈیو وائرل ہوا ہے اس میں وہ بی جے پی کے لیے نعرے لگا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر کے بساہڑا گاؤں میں منعقد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی میں اخلاق لنچنگ کیس کا اہم ملزم وشال سنگھ اگلی صف میں بیٹھا نظر آیا۔ اس ریلی میں اخلاق مرڈر کیس کا ملزم پنیت بھی نظر آیا۔ یہ ریلی اتوار کو منعقد ہوئی تھی۔

وزیر اعلیٰ یوگی کی ریلی کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جہاں اخلاق کے قتل کا اہم ملزم وشال سنگھ سمیت چار لوگ ریلی میں سب سے آگے کھڑے ہیں اور وزیر اعلیٰ یوگی کی تقریر سن کر نعرہ بازی کرتے ہوئے اور تالی بجاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وشال سنگھ اور پنیت اس وقت ضمانت پر ہیں۔ وشال پر تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) اور 307 (قتل کی کوشش) کا مقدمہ درج ہے۔ معاملہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چل رہا ہے اور ملزمین پر الزام طے کیا جانا ابھی باقی ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت 10 اپریل کو ہوگی۔ وہیں اخلاق قتل معاملے میں پنیت کا نام ایف آئی آر میں نہیں تھا لیکن واقعہ کے تین مہینے بعد اخلاق کی بیٹی شائستہ کے بیان کی بنیاد پر پنیت کو گرفتار کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ 55 سال کے محمد اخلاق کو بھیڑ نے گھر سے نکال کر قتل کر دیا تھا۔ بھیڑ کو اخلاق کے اوپر گئوکشی کا شک تھا جس کے بعد اس کی پٹائی کر دی تھی۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی تھی جس کے سبب اخلاق کی فیملی کو گاؤں چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔