مدھیہ پردیش ضمنی انتخابات: بی جے پی امیداواروں کی فہرست دو۔تین دن میں جاری ہونے کے امکان

ریاست میں 28 سیٹوں پر ضمنی الیکشن سے متعلق نوٹیفکیشن 09 اکتوبر کو جاری ہوجائے گا جو 16 اکتوبر تک چلے گا۔ 03 نومبر کو ایک ساتھ ووٹ ڈالے جائیں گے اور 10 نومبر کو نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش میں بر سر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاست میں 28 اراکین اسمبلی کے لیے امیدواروں کی فہرست دو۔تین دن میں جاری ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ انتخاب کے سلسلے میں سینیئر رہنماؤں کے درمیان غور و خوض کا دور مکمل ہونے کے بعد فہرست تقریباً تیار ہے۔ مرکزی قیادت سے حتمی منظوری ملنے کے بعد فہرست کے دو تین دن کے اندر جاری ہونے کے امکان ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر امیدوار وہیں ہوں گے جنہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے لیکن باقی دو تین سیٹوں پر غور و خوض بھی مکمل ہو گیا ہے۔ باورا، آگر اور جورا اسمبلی حلقوں کے لیے امیدواروں کے نام بھی تقریباً طے ہو گئے ہیں۔


اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے 24 امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ باقی چار سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان بھی وہ جلد کرے گی۔ علاوہ ازیں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) بھی ایک درجن سے زیادہ سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔

ریاست میں 28 سیٹوں پر ضمنی الیکشن سے متعلق نوٹیفکیشن 09 اکتوبر کو جاری ہونے کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہو جائے گا اور 16 اکتوبر تک چلے گا۔ تمام سیٹوں پر 03 نومبر کو ایک ساتھ ووٹ ڈالے جائیں گے اور 10 نومبر کو نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔


فی الحال 230 رکنی اسمبلی میں 202 اراکین اسمبلی ہیں۔ ان میں بی جے پی کے 107، کانگریس کے 88، بی ایس پی کے دو، سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے ایک اور چار آزاد امیدوار شامل ہیں۔ باقی 28 سیٹیں خالی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔