بہاری مہاجرین کا بڑی تعداد میں ایک جگہ پھنسا ہونا وبا کو پھیلنے کی دعوت دینے جیسا: تنویر عالم
تنویر عالم نے کہا کہ کورونا سے حفاظتی تدابیر تو اپنانی ہی چاہیے لیکن انسانیت کی خاطر جو لوگ اس مشکل وقت میں اپنے گھروں سے دور ہیں، انھیں رفتہ رفتہ اپنے اہلِ خانہ تک پہنچانا بھی ایک بڑا کارِ خیر ہے۔
ممبئی: مہاراشٹر میں پھنسے ہوئے ہزاروں تارکین وطن مزدوروں کی پریشانیوں کی پیش نظر سیوک فاؤنڈیشن اور بہار نو نرمان یووا ابھیان کی جانب سے مشترکہ طور پر ایک خط وزیر براے وزارتِ ریل، حکومتِ ہند کو لکھ کر پیشکش کی گئی ہے کہ مہاراشٹر میں پھنسے مہاجر مزدوروں اور طلبا کے لیے 50 ٹرینوں کا خرچ بہاری سماج اُٹھانے کو تیار ہے۔
سیوک فاؤنڈیشن، بہار کے صدرتنویر عالم نے اپنے اس خط میں ریل وزیر سے لاک ڈاؤن کے دوران مہاراشٹر اور ممبئی میں پھنسے بہاری مزدوروں اور طلبا کی بڑی تعداد کو لے کر یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممبئی کے سلم علاقوں میں مزدوروں اور طلبا کو بہت زیادہ دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ایک ہی مقام پر کئی لوگوں کے رہنے سے اس وبائی مرض کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ یہاں بہار میں ان طلبا اور مزدوروں کے اہلِ خانہ کافی پریشان اور فکرمند ہیں۔ ممبئی کے سلم اورجھگّیوں میں ایک بیت الخلا کو پچاس افراد استعمال کر رہے ہیں جو وبائی مرض کے پھیلنے کی دعوت دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات کومدِّ نظر وزیر برائے ریل، حکومتِ ہند سے خط میں گزارش کی گئی ہے کہ معقول تعداد میں مہاراشٹر سے بہار کے لیے ٹرینوں کو چلایا جائے۔ اگر اس کام میں پیسے کے سلسلے سے کوئی دشواری ہے تو بہاری سماج پچاس ٹرینوں کا خرچ آپسی امداد کے ذریعے اُٹھانے کو تیّار ہے۔ اس کے علاوہ اگر ضرورت پڑی تو ٹرینوں کی تعداد کے بڑھنے کے ساتھ وہ اس رقم میں اضافہ بھی کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملٹری انجیئنرنگ سروس کے 9300 عہدے ختم، راج ناتھ نے دی منظوری
تنویر عالم نے کہا کہ کورونا سے حفاظتی تدابیر تو اپنانی ہی چاہیے لیکن انسانیت کی خاطر جو لوگ اس مشکل وقت میں اپنے گھروں سے دور ہیں، انھیں رفتہ رفتہ اپنے اہلِ خانہ تک پہنچانا بھی ایک بڑا کارِ خیر مانا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ملک بھر کے لوگ مقدور بھر کوششیں کر رہے ہیں۔لوگ آس پڑوس کے غریب اور نادار لوگوں کی فکر تو کر ہی رہے ہیں، اپنے وطن سے دور مہاجر مزدوروں کو گھر واپس لانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مزدوروں کو نہیں بھیجا گیا تو بہت سی سماجی اور نفسیاتی مسائل درپیش ہوں گے جن میں خودکشی، ڈپریشن میں جانے جیسے مسائل پیش آسکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔