زلزلہ سے تھرتھرا گئی آسام، میگھالیہ سے لے کر مغربی بنگال تک کی زمین
نیشنل سنٹر فار سسمولوجی کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر محسوس ہوئے، خصوصاً میگھالیہ میں آئے زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر تقریباً 5.2 رہی۔
ہندوستان میں پیر کی شام کئی ریاستوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں دہشت پھیل گئی۔ زلزلہ شمال مشرقی ریاستوں میں آیا ہے جہاں آسام، میگھالیہ، تریپورہ وغیرہ کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال میں بھی تیز جھٹکے محسوس ہوئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.2 درج کی گئی ہے۔ اچانک آئے اس زلزلہ سے کئی علاقوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ لوگ گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے بھی نظر آئے۔ حالانکہ ابھی تک کہیں سے کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی ہے۔
نیشنل سنٹر فار سسمولوجی کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے پیر کی شام تقریباً 6.15 بجے محسوس ہوئے۔ خصوصاً میگھالیہ میں آئے زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 رہی۔ سب سے زیادہ نارتھ مغربی بنگال یعنی سلی گوڑی، دارجیلنگ اور کوچ بہار میں زلزلہ کے جھٹکوں کو محسوس کیا گیا۔ تریپورہ اور آسام کے بھی کئی علاقوں میں زلزلہ کا جھٹکا تیز تھا۔
قابل ذکر ہے کہ شمال مشرقی ہند میں گزشتہ ماہ 11 ستمبر کو بھی زلزلہ آیا تھا۔ تب آسام سمیت شمال مشرق کی کئی ریاستوں میں تیز جھٹکا محسوس کیا گیا تھا۔ اُس وقت زلزلہ کا مرکز منی پور سے تقریباً 66 کلومیٹر دور اخرل ضلع میں تھا جو میانمار کے پاس واقع ہے۔ لیکن زلزلہ کے جھٹکے آسام کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔