جموں و کشمیر میں تشکیل ’انڈیا اتحاد‘ کی حکومت انصاف، امیدوں اور برکت والی ہوگی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے بعد کہا کہ ’’یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حکومت ہے جو اسمبلی سے لے کر دہلی تک عوام کے لیے لڑے گی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی</p></div>

جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے آج جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ کی اس حلف برداری تقریب کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ ’’انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس‘ (انڈیا) کی یہ حکومت انصاف، امیدوں اور برکت والی ہوگی۔‘‘

عمر عبداللہ نے بدھ کے روز مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے پہلے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف لیا۔ 2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کیے جانے کے بعد مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں یہ پہلی منتخب حکومت ہے۔ تین مراحل میں ہوئے جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخاب میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اتحاد قائم کیا تھا جسے اکثریت حاصل ہوئی اور آج نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کا حلف بھی لے لیا۔


اس حلف برداری تقریب کے بعد راہل گاندھی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کیا ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’آج جموں و کشمیر میں ’انڈیا اتحاد‘ کے سینئر لیڈران کے ساتھ ریاست کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جی کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوا۔ جموں و کشمیر میں ’انڈیا‘ کی حکومت انصاف کی، امیدوں کی، برکت کی حکومت بنے گی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’یہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حکومت ہے جو اسمبلی سے لے کر دہلی تک ہر ایک صوبائی عوام کے حق اور اختیارات کے لیے لڑے گی۔‘‘

واضح رہے کہ عمر عبداللہ کی حلف برداری تقریب میں انڈیا اتحاد میں شامل تقریباً سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔ سری نگر کے شیر کشمیر بین الاقوامی سمیلن سنٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقد اس تقریب میں راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، سماجوادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو، بایاں محاذ لیڈر پرکاش کرات اور ڈی راجہ، ڈی ایم کے لیڈر کنی موژی، این سی پی لیڈر سپریا سولے اور پی ڈی پی چیف محبوبہ مفتی کی بھی شرکت ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔