پرینکا گاندھی کی قیادت میں نکالا گیا ’لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں‘ مارچ، بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت
اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تمام 159خاتون امیدواروں سمیت دیگر خاتون نمائندوں کو اس مارچ میں خصوصی طور سے مدعوی کیا گیا تھا۔
لکھنؤ: عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج لکھنؤ میں ’لڑکی ہوں لڑسکتی ہوں‘ مارچ کی قیادت کر تے ہوئے خواتین کی بااختیاری کا پیغام دیا۔ ریاستی راجدھانی کے 1090 چوراہے سے شروع ہونے والے مارچ میں ہزاروں خواتین نے خصوصی طور سے شرکت کی۔
پرینکا گاندھی کی قیادت میں ہزاروں خواتین نے جوش و خروش کے ساتھ پیدل مارچ کیا۔ یہ قافلہ تقریباً ایک کلومیٹر لمبا تھا۔ اپنے جانے پہچانے انداز میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کئی مرتبہ حفاظتی حصار سے باہر نکل کر خواتین کے بیچ پہنچ گئیں۔ شرکاء اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر ’لڑکی ہو، لڑسکتی ہوں‘ نعرے لکھے ہوئے تھے۔ پورے مارچ کے دوران وقت وقت پر لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں کے نعرے لگتے رہے۔
بالو اڈا، ڈالی کالونی، رانا پرتاپ مارگ سے گزرنے والے مارچ کے دوران پرینکا گاندھی نے خواتین سے ملاقات کی اور خواہش مندا فراد کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ تقریباً تین کلو میٹر کی مسافت والا یہ مارچ ایک گھنٹے میں سکندرآباد کراسنگ پر اختتام پذیر ہوا۔ جہاں پر پرینکا گاندھی نے مجاہد آزادی اودا دیوی کے مجسمہ پر گلپوشی کی۔
اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی تمام 159خاتون امیدواروں سمیت دیگر خاتون نمائندوں کو اس مارچ میں خصوصی طور سے مدعوی کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو سمیت اعلیٰ قائدین موجود رہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات میں خاتون کی بااختیاری کا نعرہ دیتے ہوئے کانگریس نے 40 فیصد ٹکٹ خاتون امیدواروں کو دیئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔