کرائسٹ چرچ حملہ: ’میرا دل متاثرین کے لئے تڑپ اٹھا ہے‘، پرینکا گاندھی کا ٹوئٹ

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملہ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ واقعہ پوری دنیا کے لئے انتباہ ہے کہ نفرت کبھی بھلی نہیں ہو سکتی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر 12 مارچ کو فعال ہوئیں کانگریس کی جنرل سکریٹری (یو پی ایسٹ) پرینکا گاندھی مختلف موضوعات پر اظہار خیال کرنے لگی ہیں۔ انہوں نے ہفتہ کے روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ہوئی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ واقعہ دنیا کے لئے ایک انتباہ ہونا چاہیے کہ نفرت ہمیشہ بری ہوتی ہے اور وہ کسی بھی صورت میں بھلی نہیں ہو سکتی۔

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’نیوزی لینڈ کا دلدوز دہشت گردی کا واقعہ دنیا بھر کے لئے ایک انتباہ ہونا چاہیے کہ نفرت کبھی بھلی نہیں ہو سکتی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا، ’’متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لئے میرا دل تڑپ اٹھا ہے۔ جو لوگ اس جرم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں انہیں حمایت اور پیار ملنا چاہیے تاکہ انہیں طاقت ملے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے 10 فروری 2019 کو ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا لیکن ان کا سب سے پہلا ٹوئٹ تقریباً ایک مہینے کے بعد منظر عام پر آیا۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی نے 23 جنوری 2019 کو فعال سیاست میں قدم رکھا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوطی دینے کے ارادے سے راہل گاندھی نے انہیں پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے اور مشرقی اتر پردش کا چارج دیا ہے۔

ادھر، نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ شہر کی دو مساجد میں جمعہ کو ہوئی فائرنگ کے ہلاک شدگان کی تعداد 50 تک تجاوز کر گئی ہے، ہلاک شدگان میں 6 ہندوستان اور 6 پاکستانی نژاد بھی شامل تھے جبکہ بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم، جوکہ نماز کے لئے اسی مسجد تک پہنچنے والی تھی، بال بال بچ گئی۔ حملہ کو انجام دینے والا دہشت گرد آسٹریلیائی نژاد شخص ہے جس کا نام برینٹن ٹیرینٹ ہے۔ اس کی عمر 28 سال ہے، پولس نے اسے گرفتار کر کے گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔