گلوان کے شہیدوں کی یاد میں کل ’یومِ سلام‘ منائے گی ہریانہ کانگریس
ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا کی ہدایت کے مطابق یہ پروگرام 26 اور 29 جون کو پوری ریاست میں ہوں گے۔ اسی سلسلے میں شیلجا 26 جون کو نارنول میں منعقدہ ’شہداء کے سلامی ڈے‘ کے پروگرام میں حصہ لیں گی
چنڈی گڑھ: ہریانہ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر اجے چودھری نے کہا ہے کہ انڈین نیشنل کانگریس وادی گلوان کے بہادر شہید فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 26 جون کو 'شہیدوں کے سلامی ڈے' کے طور پر منائے گی۔
آج یہاں ایک بیان میں چودھری نے کہا کہ پارٹی نے جو فیصلے کیے ہیں ان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ پر مرکزی حکومت کے خلاف ملک بھر میں دھرنا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا کی ہدایت کے مطابق یہ پروگرام 26 جون اور 29 جون کو پوری ریاست میں ہوں گے۔ اسی سلسلے میں شیلجا 26 جون کو نارنول میں منعقدہ ' شہداء کے سلامی ڈے' کے پروگرام میں حصہ لیں گی اور 29 جون کو کرنال میں منعقدہ دھرنے میں بھی حصہ لیں گی۔
کانگریس کے مقامی لیڈر اور کارکنان ریاست بھر میں ضلعی سطح پر بابائے قوم مہاتما گاندھی اور دیگر مجاہدین آزادی کے مجسموں یا 'شہیدوں کی یادگاروں کے نزدیک بیٹھ کر شہداء کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ اس دن سوشل میڈیا پر بھی ایک مہم چلائی جائے گی، جس میں کانگریس کے لیڈران، کارکناں اور حامی لوگ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف 29 جون کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان ریاست بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں دھرنا مظاہرہ کرے گی۔ دھرنا مظاہروں کے خاتمے کے بعد کانگریس لیڈران صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر یا ڈپٹی کمشنر کے حوالے کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی ایک مہم چلائی جائے گی۔ کانگریس کے یہ پروگرام کورونا پروٹوکول اور سماجی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے منعقد کیے جائيں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔