پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں حکومت پیش کر سکتی ہے 16 نئے بل، انتخابی عمل میں اصلاح کی بھی تیاری!

مرکزی حکومت سرمائی اجلاس میں جن بلوں کو پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، ان میں نیشنل نرسنگ کمیشن سے متعلق بل بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔

پارلیمنٹ، تصویر یو این آئی
پارلیمنٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آئندہ 7 دسمبر سے شروع ہونے والا ہے۔ اس اجلاس میں مرکزی حکومت کے ذریعہ مختلف ایشوز پر 16 نئے بل پیش کرنے کی تیاری ہے۔ ان میں کثیر ریاستی کوآپریٹو کمیٹیوں میں جوابدہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل میں اصلاح سے متعلق بل بھی شامل ہیں۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ آئندہ سرمائی اجلاس میں ان بلوں کو پاس کرانے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ اس اجلاس میں نیشنل ڈینٹل میڈیسین کمیشن کا بل بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس بل میں نیشنل ڈینٹل میڈیسین کمیشن کے قیام اور ڈینٹل ڈاکٹر ایکٹ 1948 کو منسوخ کرنے کی بھی تجویز ہے۔

مرکزی حکومت سرمائی اجلاس میں جن بلوں کو پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، ان میں نیشنل نرسنگ کمیشن سے متعلق بل بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔ اس میں نیشنل نرسنگ کمیشن (این این ایم سی) قائم کرنے اور ہندوستانی نرسنگ کونسل ایکٹ 1947 کو منسوخ کرنے کی بھی تجویز ہے۔ جمعرات کے روز جاری کیے گئے لوک سبھا کے بلیٹن کے مطابق کثیر ریاستی کوآپریٹو کمیٹیاں (ترمیمی) بل 2022 کو کوآپریٹو کمیٹیوں میں حکومت کو مضبوط کرنے، شفافیت اور جوابدہی بڑھانے اور انتخابی عمل میں اصلاح کے مقصد سے پیش کیا جا رہا ہے۔


لوک سبھا سیشن کے دوران کینٹ بل 2022 قانون کا مسودہ بھی پیش کیے جانے کی امید ہے۔ اس بل کے مقاصد میں کینٹونمنٹ یعنی چھاؤنی میں ’زندگی کی آسانی‘ کو بڑھانے کی تجویز شامل ہے۔ اس دوران پیش کیے جانے والے بل کی فہرست میں پرانا گرانٹ (ریگولیشن) ایکٹ، جنگلات (تحفظ) ایکٹ بل، سحلی آبی زراعت اتھارٹی (ترمیمی) بل وغیرہ بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔