حکومت عظیم شخصیات کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی کوشش کر رہی ہے، ’دو اکتوبر‘ کے موقع پر کیجریوال کا بیان
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات نہ صرف ہندوستان بلکہ پورے عالمی معاشرے کو سچائی، عدم تشدد اور نیکی کا راستہ دکھاتے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج یہاں اسمبلی کمپلیکس میں بابائے قوم گاندھی جی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی سالگرہ کے موقع پر پھول پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ اروند کیجریوال نے اسمبلی کمپلیکس میں منعقدہ دعائیہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے جلیا نوالہ باغ واقعے سے متعلق ایک دیوہیکل پینٹنگ کی نقاب کشائی بھی کی۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات نہ صرف ہندوستان بلکہ پورے عالمی معاشرے کو سچائی، عدم تشدد اور نیکی کا راستہ دکھاتے ہیں۔ وہیں شاستری جی کی سادہ زندگی، ایمانداری اور موثر قیادت ہر نسل کے لیے متاثر کن ہے، جبکہ جلیا نوالہ باغ واقعہ ہمیں یاد دلاتا رہتا ہے کہ کیسے ہمارے آبا و اجداد نے ہمیں انگریزوں سے آزادی دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ہماری حکومت ان عظیم شخصیات کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی پوری کوشش کر رہی ہے‘۔
اروند کیجریوال، اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل اور ڈپٹی اسپیکر راکھی برلان سمیت کئی اراکین اسمبلی نے دعائیہ اجلاس میں شرکت کی۔ دعائیہ اجلاس میں ہر ایک نے دہلی اور اہل وطن کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال راج گھاٹ پہنچے اور وہاں پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے بابائے قوم گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ وجے گھاٹ بھی گئے اور وہاں سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے مجسمے پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔