’حکومت مفت راشن کے بہانے مہنگائی میں اضافہ کر کے قیمت وصول کر رہی ہے‘

پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مہنگائی جہاں عروج پر ہے، وہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت مفت راشن کے بہانے مہنگائی میں اضافہ کر کے قیمت وصولنے کا کام کر رہی ہے

ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub
ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub
user

یو این آئی

پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد بنیادی اشیا پٹرولیم مصنوعات، پکوان گیس و کھانے پینے کی اشیا میں مہنگائی جہاں عروج پر ہے، وہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت مفت راشن کے بہانے مہنگائی میں اضافہ کر کے قیمت وصولنے کا کام کر رہی ہے۔ میڈیا کو جاری بیان میں ایوب سرجن نے کہا کہ مہنگائی میں انتہائی اضافہ کے سبب حالات یہ ہیں کہ غریب بھکمری کے دہلیز پر پہونچ گیا ہے۔ حکومت مفت راشن کا ڈھول پیٹ رہی ہے، جبکہ بے روزگاری میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ انتخاب کے دوران ووٹ حاصل کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے انتخابی اجلاس میں عوام کے لئے بڑے بڑے دلکش اعلانات کرتے رہے ،مگر جیسے ہی انتخابی عمل ختم ہوا،اس کے بعد ملک کی عام عوام کو منہگائی کے ڈبل ڈوز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں پہلے سے عروج پر ہیں ،اب روز منہگائی میں اضافہ ہورہا ہے ۔کھانے پینے کی بنیادی اشیاء تیل وغیرہ کی قیمتوں میں انتہائی اضافہ کے سبب موجودہ حالات میں غریب و اوسط درجہ کے لوگوں کا گزر بسر مشکل ہو گیا ہے ۔


حکومت انتخاب کے دوران لاکھوں لوگوں کو ملازمت دینے کا اعلان کرتی رہی ،مگر نئی ملازمت دینے کی بات تو دور ،جو لوگ سبکدوش ہورہے ہیں ،ان کے عہدوں کو ختم کر نئی ملازمت کے مواقع کو ختم کیا جا رہا ہے ،اس سے نوجوانوں کے زیادہ بے روزگار ہونے کے امکانات ہیں ۔عام نوجوان ملازمت کی امید چھوڑ چکا ہے ۔مہنگائی کے ساتھ ہی ملک میں بدعنوانی عروج پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے ساتھ ہی بی جے پی زیر اقتدار والی ریاستوں میں آئے دن بدعنوانی کے بڑے بڑے گھپلے اجاگر ہو رہے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔