’مہنگائی مین مودی‘ کا قہر جاری، تھالی سے آلو-پیاز اور ٹماٹر ہوئے غائب: کانگریس

کانگریس کا کہنا ہے کہ ’مہنگائی مین مودی‘ کی نظر اب لوگوں کی تھالی پر گڑ گئی ہے، تھالی سے آلو-پیاز اور ٹماٹر غائب ہو گئے ہیں، لیکن وزیر اعظم مہنگائی کا ’م‘ نہیں بول پا رہے ہیں۔

مہنگائی کی مار
مہنگائی کی مار
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ خوردنی اشیا کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور اب تو سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ اس سلسلے میں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے ’امر اجالا‘ کی ایک خبر کا تراشہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی کا قہر جاری ہے۔‘‘

دراصل ٹماٹر اور آلو-پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے تعلق سے ’امر اجالا‘ میں ایک خبر شائع ہوئی ہے، جس کا عنوان ہے ’دہلی-این سی آر میں پھر ستانے لگا ٹماٹر... قیمتیں 100 روپے کلو، آلو-پیاز کی بھی قیمت بڑھی، تھالی مہنگی‘۔ اس خبر کا تراشہ پوسٹ کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اب لوگوں کی تھالی پر مہنگائی مین کی نظر گڑ گئی ہے۔ تھالی سے آلو-پیاز اور ٹماٹر غائب ہو گئے ہیں۔ لیکن... وزیر اعظم مہنگائی کا ’م‘ نہیں بول پا رہے ہیں۔‘‘


کانگریس نے بڑھتی مہنگائی کے تعلق سے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس کے ساتھ کیپشن لگایا ہے ’عوام مہنگائی سے بے حال، مودی اپنی دنیا میں خوشحال‘۔ اس ویڈیو میں ایک خاتون اینکر کہہ رہی ہے ’’وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ 10 سالوں سے عوام کا سکھ چین چھیننے میں لگے ہیں۔ مہنگائی عوام کی کمر توڑ رہی ہے، لیکن مودی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آسمان چھوتی مہنگائی کو قابو کرنے کی انھوں نے کوئی بھی کوشش نہیں کی۔ بے روزگار عوام کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا دور کی کوڑی ثابت ہو رہا ہے۔ اس کی تھالی خالی ہوتی جا رہی ہے۔‘‘

اس ویڈیو میں ’کریسل‘ کی ایک رپورٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں تھالی کی قیمت بڑھنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ خاتون اینکر کہتی ہے کہ ’’کریسل کی رپورٹ کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے ہندوستان میں اب سبزی والی تھالی کی قیمت جون ماہ میں 10 فیصد بڑھ گئی۔ یعنی صاف ہے کہ عوام پر مہنگائی کی مار کم ہونے کی جگہ بڑھ رہی ہے۔ آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت سبھی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب غریب آدمی خالی پیٹ سونے کو مجبور ہو رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔