سرمائی اجلاس میں لوک سبھا کا کام کاج 97 فیصد رہا

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس اپنے مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں لوک سبھا کا کام کاج 97 فیصد رہا

لوک سبھا
لوک سبھا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس اپنے مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم ہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں لوک سبھا کا کام کاج 97 فیصد رہا۔ ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ سترہویں لوک سبھا کا دسواں اجلاس 7 دسمبر کو شروع ہوا اور 29 دسمبر تک جاری رہنا تھا۔

اس اجلاس میں سماج وادی پارٹی کی نئی رکن محترمہ ڈمپل یادو نے 12 دسمبر کو رکنیت کا حلف لیا تھا۔جب ایوان کی کارروائی صبح 11 بجے شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیشن کے دوران کل 13 نشستیں ہوئیں، جو 68 گھنٹے 42 منٹ تک جاری رہیں۔ ایوان کے موجودہ اجلاس کی کارکردگی 97 فیصد رہی۔


اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ اس اجلاس میں اہم مالیاتی اور قانون سازی کے معاملات کو نمٹا دیا گیا۔ سال 23-2022 کے لیے پہلے بیچ کے گرانٹس کے ضمنی مطالبات اور سال 2020-2019 کے لیے اضافی گرانٹس کے مطالبات پر بحث 10 گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیشن کے دوران 9 سرکاری بل پیش کیے گئے اور کل 7 بل منظور کیے گئے جن میں اتر پردیش، کرناٹک، چھتیس گڑھ، تمل ناڈو اور ہماچل میں مخصوص برادریوں کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کا آئین (شیڈول ٹرائب) آرڈر 1950 میں ترمیم کرنے والے پانچ بل اور اینٹی میری ٹائم پائریسی بل اہم ہیں۔

اس مدت کے دوران تمام جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے لوک سبھا میں عوامی اہمیت کے 374 معاملات کو اٹھایا۔ اس کے ساتھ ہی 20 اور 21 دسمبر کو ملک میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے اہم مسئلے پر رول 193 کے تحت ایک مختصر مدتی بحث ہوئی۔ ایوان کے 51 ارکان نے اس بحث میں حصہ لیا۔ ساتھ ہی یہ بحث مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جواب کے ساتھ ختم ہوئی۔


لوک سبھا اسپیکر نے بتایا کہ اجلاس کے دوران حکومت کے وزراء کی طرف سے 43 بیانات دیئے گئے، 1811 کاغذات ایوان میں پیش کئے گئے۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی میں تعاون کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی، پارلیمانی امور کے وزرا اور تمام جماعتوں کے رہنماوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اسپیکر نے، " پریس اور میڈیا کے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر ایوان کو فراہم کی گئی خدمات کے لئے جنرل سکریٹری اور لوک سبھا سکریٹریٹ کے افسران اور اور عملے کی تعریف کی۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایوان کی کارروائی کے دوران موثر خدمات انجام دیں۔

اس کے بعد تمام اراکین قومی ترانا وندے ماترم کے لئے اپنی جگہ پر کھڑے ہوگئے اور قومی ترانہ کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔