نیو جعفرآباد کو روڈ 66 سے جوڑنے کے لیے پُلیا کا سنگِ بنیاد رکھا گیا

حاجی اکرام حسن نے کہا کہ پلیا کے بن جانے سے نیو جعفرآباد اور آس پاس کے علاقہ کے لوگوں کو کافی آسانی ہو جائے گی اور اب جعفرآباد، موج پور جانے کے لیے گھوم کر نہیں آنا پڑے گا۔

تصویر بذریعہ محمد تسلیم
تصویر بذریعہ محمد تسلیم
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: بابر پور اسمبلی حلقہ کے نیو جعفرآباد کو روڈ نمبر 66 سے جوڑنے کے لئے نالے پر پلیاکا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ سنگ بنیاد دہلی کے وزیر اور مقامی رکن اسمبلی گوپال رائے کورکھنا تھا مگر کسی خاص عذر کے تحت وہ نہ آ سکے جس کے سبب آل انڈیا مسلم ایکتا کمیٹی کے چیئرمین حاجی اکرام حسن نے ناریل پھوڑ کر پلیا کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہاں عام آدمی پارٹی کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ نیو جعفرآباد آرڈبلیو اے کے صدر جلال فاروقی، سبھاش محلہ کی کونسلر ریکھا تیاگی، سیلم پور وارڈ کے ممکنہ امیدوار حاجی رئیس احمد، ڈاکٹر جہانگیر عالم اور حاجی معروف خان وغیرہ بطور خاص موجود تھے۔

اس موقع پر حاجی اکرام حسن نے کہا کہ اس پلیا کے بن جانے سے نیو جعفرآباد اور آس پاس کے علاقہ کے لوگوں کو کافی آسانی ہو جائے گی اور اب جعفرآباد، موج پور جانے کے لئے گھوم کر نہیں آنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد گوپال رائے ہی کو رکھنا تھا مگر ضروری کام کی وجہ سے وہ نہیں آ سکے جس کی وجہ سے ان کے مداحان میں تھوڑی مایوسی ضرور دیکھنے کو ملی مگر جوش و خروش اس لئے تھا کہ انہیں پلیا کی شکل میں ایک تحفہ مل چکا تھا۔ ہمیں یقین ہے کہ مزید جوعوامی مطالبات ہیں وہ بھی وقت مقررہ پر پورے کئے جائیں گے اس لئے کہ عام آدمی پارٹی کام پر یقین رکھتی ہے۔


جلال فاروقی نے کہا کہ عوامی سہولیات کے پیش نظر سب سے پہلے ہم نے اس پلیا کا مطالبہ کیا تھا اور اپنے وزیر کے سامنے یہ بات رکھی تھی کہ اس جگہ پلیا تعمیر کی جائے کیوں کہ اس سے آنے جانے والوں کو کافی راحت مل جائے گی۔ انہوں نے ہماری باتوں کو سنجیدگی سے لیا اور پلیا تعمیر کرنے کے لئے ہری جھنڈی دی جس کے لئے ہم آرڈبلیو اے کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو جعفرآباد سے جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کو جوڑنے والی پلیا مزید چوڑی ہو جائے تو راہ گیروں کو آنے جانے میں آسانی ہو جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔