راجدھانی دہلی میں سیلابی صورت حال، عوام کو بھاری مشکلات کا سامنا... تصویری جھلکیاں دہلی میں گزشتہ 3 دن سے مسلسل ہو رہی بارش کے سبب حالات ابتر ہو گئے ہیں۔ یمنا میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔ دریں اثنا، پرانے یمنا پل پر ٹرین کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ Published: 11 Jul 2023, 2:40 PM دہلی میں گزشتہ 3 دنوں سے مسلسل ہو رہی بارش کے سبب حالات ابتر ہو گئے ہیں۔ یمنا میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔ دریں اثنا، پرانے یمنا پل پر ٹرین کی آمدورفت آج صبح 6 بجے سے عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
محکمہ نے یمنا کے ذیلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کر رہا ہے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی اپیل کر رہا ہے۔ یمنا کھادر کے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر بھیجنے کی مشق بھی شروع کر دی گئی ہے۔
دیر شام تک لوگوں کی بڑی تعداد سیلابی میدانوں میں اپنے کچے مکانات چھوڑ کر جہاں ممکن ہو پناہ لے رہی تھی۔ مشرقی دہلی میں، نوئیڈا لنک پر میور وہار ایکسٹینشن کے قریب ایک فلائی اوور کے نیچے تقریباً 1000 لوگ، سبزی اگانے والے یا یومیہ اجرت والے مزدور اپنے کپڑے، سبزیاں اور برتن لے کر جمع ہوئے۔
جو لوگ اپنے گھروں میں رہ رہے ہیں وہ بھی پانی کے ریلوں سے پریشان ہیں۔ گھروں میں خواتین کو پانی میں ہی روزمرہ کے کام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کئی جھگی جھونپڑیوں کے پاس گھٹنوں تک پانی نظر آ رہا ہے۔
سنٹرل واٹر کمیشن کے مطابق منگل کو یمنا ندی کے پانی کی سطح 206.24 میٹر کے خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی، جس کی وجہ سے دہلی ہائی الرٹ پر ہے۔ سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے مطابق، خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے۔
منگل کی صبح تقریباً 8 بجے ہریانہ کے یمنا نگر ضلع کے ہتھنی کنڈ بیراج سے تقریباً 3.21 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت سی ڈبلیو سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
1978 میں دہلی میں سیلاب آیا تھا، جب ہتھنی کنڈ بیراج سے 7 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کی وجہ سے پرانے پل پر جمنا ندی کی سطح 207.49 میٹر کو عبور کر گئی تھی