کیرالہ میں سیلاب کی صورتحال سنگین، 23 افراد ہلاک، انخلاء کا کام جاری

کیرالہ میں آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کے امکان کے پیش نظر لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں

کیرالہ میں سیلابی صورت حال / یو این آئی
کیرالہ میں سیلابی صورت حال / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

کیرالہ میں سیلاب کی صورتحال بہت سنگین ہے اور اطلاعات کے مطابق ابھی تک 23 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 تاریخ سے ریاست میں پھر زبردست بارش کے امکان ہیں ۔دوسری جانب کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے اتوار کو کہا کہ ریاستی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے لوگوں کی بحالی کے لیے یہاں 105 امدادی کیمپ کھولے ہیں۔

ایک فیس بک پوسٹ میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس مینجمنٹ (این ڈی آر ایف) کی کل 11 ٹیمیں بارش اور ممکنہ سیلاب اور کئی اضلاع میں سیلابی پانی کی وجہ سے اعلان کردہ ریڈ الرٹ کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ وزیراعلی نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی ایک ایک ٹیم پٹھانمٹھیٹا ، اڈوکی ، الپپوزہ ، ارناکولم ، تریشور اور ملاپورم اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ اڈوکی ، کوٹیم ، کولم ، کنور اور پلکڈ اضلاع میں این ڈی آر ایف کی اضافی پانچ ٹیمیں تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


ہندوستانی فوج کی ایک ایک ٹیم ترواننتا پورم اور کوٹیم اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ ڈیفنس سیکورٹی کور کی ایک ایک ٹیم کوزی کوڈ اور وایاناڈ اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔

ہندوستانی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر پہلے سے ہی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایئر فورس کے اہلکاروں کو پٹھانمٹھیٹا کے مالا پلی میں خدمات میں لگایا گیا ہے جہاں بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ ان علاقوں سے لوگوں کو ہوائی جہاز سے منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔


کیرالہ میں سیلابی صورت حال / یو این آئی
کیرالہ میں سیلابی صورت حال / یو این آئی
ANILKUMAR

بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر کوٹیکل اور کوکیار علاقوں میں کھانے پینے کے پیکٹ گرانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے جو لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

پولیس ، فائر بریگیڈ اور لینڈ ریونیو کنٹرول رومز کے تعاون سے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کے ایس ای بی، ریاستی آبی وسائل اور موٹر وہیکلز کے محکموں کے حکام کی جانب سے 24 گھنٹے کا اسٹیٹ ایمرجنسی رسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ شدید بارشوں کی پیش گوئی کی وجہ سے ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ماہی گیری کے لیے کیرالہ کے ساحلوں پر نہ جائیں۔


سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فلڈ الرٹ کے مطابق پانی کی سطح پٹھانمٹھیٹا اور کوٹائیام اضلاع میں چند مقامات پر بڑھنے کا امکان ہے جن میں مدامون ، کالوپارا ، تھمبمون ، پلکیار ، مانککل ، ویلیکاداو اور اروی پورم ضلع ترواننتا پورم شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بارش کے انتباہ کے مطابق ترواننتا پورم ، کولم ، پٹھانمٹھیٹا ، الپپوزہ ، کوٹائیام ، اڈوکی ، ارناکولم ، تریشور ، پالکڑ ، ملاپورم اور کوزی کوڈ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کیرالہ میں آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کے امکان کے پیش نظر لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کہیں بھی سفر سے گریز کریں اور ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔