یوپی میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی یوگی-اکھلیش کا پہلا رد عمل آیا سامنے
انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد اکھلیش یادو نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’’عوام کو لمبے وقت سے تبدیلی کا انتظار تھا۔ اب عوام کا وقت آگیا ہے۔‘‘
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لئے تاریخوں کے اعلان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے’عظیم تیوہار‘ میں ریاستی انتخاب کی تاریخوں کا استقبال کرتے ہیں۔ یوگی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’جمہوریت کے عظیم تیوہار میں ریاست کے انتخاب کی تاریخوں کے اعلان کا استقبال ہے۔ بی جے پی ڈبل انجن کی حکومت کی حصولیابیوں کی بنیاد پر عوام کے آشیرواد سے مکمل اکثریت کی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔‘‘
دوسری طرف سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے دعوی کیا کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے اعلان ہونے کے ساتھ ہی ریاست میں بی جے پی کا صفایا شروع ہو جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ششیل چندرا نے دہلی میں اترپردیش سمیت پانچ ریاستوں میں 10فروری تا سات مارچ تک سات مراحل میں انتخابات کا اعلان کیا ہے۔
انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد اکھلیش نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’اترپردیش کے عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ اس کا آغاز 10 فروری سے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے ساتھ ہی ہوگا اور 07 مارچ کو انتخابی نتائج آئیں گے۔ عوام کو لمبے وقت سے تبدیلی کا انتظار تھا۔ اب عوام کا وقت آگیا ہے۔ اس سے پہلے اکھلیش نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ایس پی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہماری الیکشن کمیشن سے یہی اپیل ہے کہ بی جے پی کی نفرت پھیلانے والی سیاست پر کڑی نگاہ رکھیں‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔