آکسیجن کی کمی سے ہلاک افراد کے کنبہ کو ملے گی 5 لاکھ روپے کی مدد: دہلی حکومت

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کا کہنا ہے کہ ’’دہلی حکومت ان لوگوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے جو بحران کے وقت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘‘

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ’’دہلی کی حکومت ان لوگوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے جو بحران کے وقت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،ان کو 5 لاکھ روپے بطور امداد دے گی۔‘‘ یہ بیان آج دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کے دوسرے دور میں آکسیجن کی شدید قلت رہی۔ اس دوران ، کچھ اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ دہلی حکومت نے ایک 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس کی تحقیقات کرے گی اور ہر متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے کی امدادی رقم دے گی۔ تشکیل شدہ کمیٹی کی منظوری کی فائل لیفٹیننٹ گورنر کو ارسال کردی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کے بعد ، یہ کمیٹی اپنا کام شروع کرے گی۔

منیش سسودیا نے جمعہ کے روز ڈیجیٹل پریس کانفرنس کے ذریعے مزید معلومات دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران، جب دہلی کو آکسیجن کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، تب آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کچھ افراد ہلاک ہوگئے۔ دہلی حکومت نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے اور 4 ممبروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ طبی ماہرین کی یہ ٹیم ہفتے میں دو بار آکسیجن کی کمی کی وجہ سے موت کے ہر دعوے کی تحقیقات کرے گی۔اس کے بعد ہر متاثرہ خاندان کے لئے 5 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔