الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو کیا طلب، ووٹنگ کے دوران تشدد معاملہ پر ایکشن

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آندھرا پردیش میں ووٹنگ کے دن تشدد کے واقعات کو سنجیدگی سے لیا ہے، الیکشن کمیشن اعلیٰ افسران سے مکمل جانکاری حاصل کرنے کے بعد آگے کی کارروائی کرے گا۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

آندھرا پردیش میں ووٹنگ کے دوران تشدد معاملہ پر الیکشن کمیشن نے سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تشدد کے واقعات کو روکنے میں انتظامیہ کی ناکامی سے متعلق ’ذاتی طور سے وضاحت‘ دینے کے لیے ریاست کے چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) کو جمعرات کے روز طلب کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش میں گزشتہ پیر کو ہوئے لوک سبھا اور اسمبلی انتخاب کے دوران کئی حصوں میں تشدد کے واقعات پیش آئے تھے۔ تشدد کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ریاست کے اعلیٰ افسران کو 16 کو دہلی دفتر طلب کیا ہے۔ تصور کیا جا رہا ہے کہ 2019 کے عام انتخاب کے مقابلے میں اس بار انتخابی تشدد زیادہ ہوا ہے۔ برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور اپوزیشن پارٹی دونوں نے ایک دوسرے پر تشدد کا سہارا لینے کا الزام عائد کیا ہے۔


بہرحال، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ریاست میں ووٹنگ کے دن تشدد کے واقعات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن اعلیٰ افسران سے مکمل جانکاری حاصل کرنے کے بعد اس معاملے میں آگے کی کارروائی کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کو یاد دلایا ہے کہ ریاست میں مثالی ضابطہ اخلاق اب بھی نافذ ہے۔ ساتھ ہی اس نے چیف سکریٹری اور پولیس چیف سے یہ یقینی بنانے کے لیے کہا ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ جب آندھرا کے افسران جمعرات کو الیکشن کمیشن دفتر میں حاضر ہوں گے، تو ریاست کے اعلیٰ افسران سے انتخاب کے بعد پرتشدد واقعات کو روکنے میں انتظامیہ کی ناکامی کے اسباب کو ذاتی طور پر سمجھانے کے لیے کہا جائے گا۔ ان سے مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعہ سے بچنے کے لیے اٹھائے جانے والے احتیاطی اقدام کے بارے میں بھی پوچھا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔