سنجے راؤت کو ’ای ڈی‘ نے دوسرا سمن بھیجا، اب یکم جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت

ای ڈی نے سنجے راؤت کو یکم جولائی کی صبح 11 بجے طلب کیا ہے، ای ڈی نے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی ہے کہ سنجے راؤت اس معاملے سے جڑے سبھی اہم دستاویزات ساتھ لائیں۔

سنجے راؤت
سنجے راؤت
user

قومی آواز بیورو

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کو دوسرا سمن بھیجا ہے۔ انھیں پاترا چال اراضی گھوٹالہ میں یکم جولائی کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ای ڈی نے انھیں یکم جولائی کی صبح 11 بجے طلب کیا ہے۔ ای ڈی نے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی ہے کہ سنجے راؤت اس معاملے سے جڑے سبھی اہم دستاویزات بھی ساتھ لائیں۔

اس سے قبل پیر کے روز بھی ای ڈی نے شیوسینا راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت کو پاترا چال تعمیر نو پروجیکٹ پر منی لانڈرنگ معاملے میں جانچ کے لیے طلب کیا تھا۔ راؤت کو منگل کے روز ای ڈی افسران کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا تھا، لیکن یہ پیشی نہیں ہوئی۔ پیر کے روز سمن ملنے کے بعد سنجے راؤت نے کہا تھا کہ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔


سنجے راؤت نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’مجھے ابھی پتہ چلا ہے کہ ای ڈی نے مجھے طلب کیا ہے۔ جب ہم بڑی لڑائی میں لگے ہوتے ہیں تو ہمیں روکنے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے اپنائے جاتے ہیں۔ ہم بالا صاحب ٹھاکرے کے شیوسینک ہیں اور میں گواہاٹی کا راستہ نہیں اپناؤں گا، بھلے ہی میرا سر کاٹ دیا جائے۔ آؤ مجھے گرفتار کرو، جے ہند۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سنجے راؤت کو ای ڈی کا سمن ایسے وقت میں ملا ہے جب شیوسینا کے کئی اراکین اسمبلی باغی تیور اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اس باغیانہ رخ کی وجہ سے مہاراشٹر حکومت پر خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔