بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کی تیاریاں زوروں پر
بہار کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے نیا سیکشن بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ جوائنٹ سکریٹری رینک کے عہدیدار کی بھی تعیناتی کی گئی ہے۔
بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائے جانے کو لے کر تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ اس کے لیے نوڈل محکمہ بنایا گیا ہے اور جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ اس سلسلے میں تیاریوں کو آخری شکل دینے میں مصروف ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ذات پر مبنی مردم شماری کا کام جولائی کے آخر میں شروع ہو سکتا ہے۔
ریاستی سطح پر جہاں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو نوڈل محکمہ بنایا گیا ہے، وہیں ریاست کے سبھی اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو ذات پر مبنی مردم شماری کا ضلعی سطح کا نوڈل افسر بنایا گیا ہے۔ بہار حکومت اس مردم شماری کو لے کر کسی طرح کی کوئی ڈھیل نہیں برتنا چاہتی۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی کہہ چکے ہیں کہ ذات پر مبنی مردم شماری بہتر ڈھنگ سے کرائی جائے گی۔ یہ ایک نظیر بنے گی۔
بہار کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی ذات پر مبنی مردم شماری کے پیش نظر ایک نیا سیکشن بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جوائنٹ سکریٹری رینک کے عہدیدار کی بھی تعیناتی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سیکشن کو لے کر اسسٹنٹ، کمپیوٹر آپریٹر سمیت دیگر اہلکاروں کے تقریباً نصف درجن عہدے نکالے گئے ہیں۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا یہ سیکشن سبھی اضلاع میں ہونے والی مردم شماری کے کام کی مانیٹرنگ کرے گا، جس سے مردم شماری میں کسی طرح کی کمی نہ رہے۔
واضح رہے کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور ضلع مجسٹریٹ دیہی سطح، پنچایت سطح اور اعلیٰ سطح پر مختلف محکموں کے اہلکاروں کی خدمات ذات پر مبنی مردم شماری میں لے سکتے ہیں۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے عمل درآمد پر تقریباً 500 کروڑ روپے خرچ آنے کا امکان ہے۔ حکومت اس مردم شماری کے دوران ہی معاشی سروے کرانے کی بھی کوشش میں مصروف ہے۔ فروری 2023 تک مردم شماری کا کام پورا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔