پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کی تاریخ کا اعلان، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی 25 نومبر سے 20 دسمبر تک چلے گی
گزشتہ پارلیمانی اجلاس میں وقف بورڈ بل پر دونوں ایوانوں میں کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ ہنگامے کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی تھی۔
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اس کے متعلق جانکاری دی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے شروع ہوگا جو 20 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران کئی اہم بلوں پر بحث کی جائے گی۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے ’ایکس‘ پر کیے گئے ’پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مرکزی حکومت کی سفارش پر صدر جمہوریہ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو منظوری دے دی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’26 نومبر کو ہندوستانی آئین کو 75 سال پورے ہونے جا رہے ہیں۔ یہ خاص دن آئین ساز اسمبلی کے سنٹرل ہال میں منایا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سرمائی اجلاس کے دوران کئی بل پیش کئے جائیں گے، لیکن اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس بار کا اجلاس موجودہ حکومت کے لئے آسان نہیں ہوگا۔ کیونکہ اس اجلاس میں وقف بورڈ کے متعلق بل پیش کیا جائے گا جس پر پچھلے اجلاس میں بھی کافی ہنگامہ ہو چکا ہے۔ ساتھ ہی ’ون نیشن ون الیکشن‘ بل بھی پیش کیا جائے گا جس کو پہلے ہی مرکزی کابینہ کی منظوری مل چکی ہے۔ وقف بورڈ اور ’ون نیشن ون الیکشن‘ بل کی اپوزیشن پارٹیوں نے مسلسل مخالفت کی ہے۔ ہنگامہ صرف لوک سبھا میں ہی نہیں، بلکہ راجیہ سبھا میں بھی مختلف مسائل کو لے کر ہوا تھا۔ ہنگامہ کی وجہ سے دونوں ایوانوں یعنی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔