ملک کو 10 نئی ’وندے بھارت ٹرینیں‘ حاصل، وزیر اعظم مودی نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا روانہ
وزیر اعظم نریندر مودی نے 10 نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ’ورچوئل‘ طور پر ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا
احمدآباد: ملک کو 10 نئی وندے بھارت ٹرینیں حاصل ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 10 نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ورچوئل طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ان 10 نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کے بعد ان ٹرینوں کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی، جو ملک بھر کے 45 روٹس کا احاطہ کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت گجرات کے دورے پر ہیں اور یہاں کے احمد آباد سے انہوں نے 10 وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم نے احمد آباد-ممبئی سنٹرل، سکندرآباد-وشاکھاپٹنم، میسور-ڈاکٹر ایم جی آر سنٹرل (چنئی)، پٹنہ-لکھنؤ، نیو جلپائی گوڑی-پٹنہ، پوری-وشاکھاپٹنم، لکھنؤ-دہرادون، کالابوراگی- سر ایم وشویشورایا ٹرمینل بنگلورو، رانچی- وارانسی، کھجوراہو- دہلی (نظام الدین) پر چلنے والی ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
مدھیہ پردیش کو منگل کی صبح چوتھی وندے بھارت ایکسپریس موصول ہوئی ہے، پی ایم مودی نے مدھیہ پردیش کے لیے چوتھی سیمی ہائی سپیڈ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ یہ ٹرین کھجوراہو سے حضرت نظام الدین دہلی تک چلے گی۔ اس کے ساتھ ہی چھتیس گڑھ ریاست کو ایک اور وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا تحفہ ملا ہے۔ ناگپور سے بلاسپور تک وندے بھارت ٹرین کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے۔ دوسری وندے بھارت ایکسپریس درگ سے وشاکھاپٹنم تک چلنے والی ہے۔
نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ، وزیر اعظم نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھا اور 85 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے مختلف ریلوے انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ دریں اثنا، ملک بھر میں 50 پردھان منتری جن اوشدھی کیندروں کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس میں ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے (ایس ای سی آڑ) کے تحت چار مراکز، جانجگیر، نائلہ، پیندر روڈ، ناگ بھیڈ اور نین پور شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔