کانگریس کا انتخابی منشور آج جاری ہوگا، 5 طرح کے ’نیائے‘ اور ’25 گارنٹیوں‘ پر مبنی ہوگا
کانگریس کے مطابق اس کا انتخابی منشور پارٹی کے 5 طرح کے نیائے (انصاف) حصہ داری نیائے، کسان نیائے، ناری نیائے، شرمک نیائے اور یووا نیائے پر مبنی ہوگا
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے کانگریس پارٹی آج اپنا انتخابی منشور جاری کرنے جا رہی ہے۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی صبح 11.30 بجے نئی دہلی میں واقع پارٹی کے صدر دفتر میں پارٹی کا منشور جاری کریں گے۔ کانگریس کا منشور پانچ نیائے اور 25 ضمانتوں (گارنٹی) پر مبنی ہوگا۔ کل جے پور اور حیدرآباد میں عوامی جلسے منعقد کئے جائیں گے، جن میں پارٹی کے اعلیٰ قائدین شرکت کریں گے۔
کانگریس پارٹی کے مطابق اس کا انتخابی منشور پانچ طرح کے نیائے حصہ داری نیائے، کسان نیائے، ناری نیائے، شرمک نیائے اور یووا نیائے پر مبنی ہوگا۔ پارٹی نے یووا نیائے کے تحت جن پانچ ضمانتوں کی بات کی ہے ان میں 30 لاکھ سرکاری ملازمتیں دینے اور نوجوانوں کو ایک سال کے لیے تربتی پروگرام کے تحت ایک لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔
پارٹی نے حصہ داری نیائے کے تحت ذات پر مبنی مردم شماری کرانے اور ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے کی گارنٹی دی ہے۔ اس نے کسان نیائے کے تحت کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو قانونی درجہ دینے، قرض معافی کمیشن کی تشکیل اور جی ایس ٹی سے آزاد کھیتی کا وعدہ کیا ہے۔
کانگریس نے شرمک نیائے کے تحت مزدوروں کو صحت کا حق دینے، کم از کم مزدوری 400 روپے یومیہ یقینی بنانے اور شہری روزگار گارنٹی کا وعدہ کیا ہے۔ اس نے ناری نیائے کے تحت مہالکشمی گارنٹی دینے کا وعدہ کیا ہے، جس کے ذریعے غریب کنبہ کی خواتین کو ایک ایک لاکھ روپے فی سال دینے سمیت متعدد وعدے کئے ہیں۔
جے پور میں ہفتہ کے روز منعقدہ انتخابی منشور ریلی سے کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا خطاب کریں گی۔ حیدرآباد میں بھی منشور کے حوالہ سے ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے راہل گاندھی خطاب کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔