کانگریس نے تریپورہ کے تین اضلاع میں 24 گھنٹے کے لئے بند کی کال دی
برجیت سنہا نے الزام لگایا کہ جو پارٹی دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعوی کرتی ہے، اس کا اپنے لیڈروں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ یہ غنڈوں کی پارٹی ہے اور یہاں غیر جمہوری عناصر کا اجتماع ہے۔
اگرتلہ:تریپورہ پردیش کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو ریاست کے تین شمالی اضلاع میں اپنے کارکنوں پر تشدد اور کانگریس لیڈروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ 15 دیگر مطالبات کو لے کر 21 جولائی کو 24 گھنٹے کی عام ہڑتال کی کال دی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر برجیت سنہا نے الزام لگایا کہ بپلب کمار دیب کی قیادت میں گزشتہ ساڑھے چار سال سے جاری افراتفری کی وجہ سے برسراقتدار بی جے پی کے کارکن قابو سے باہر ہو گئے ہیں اور اب بی جے پی صدر اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا کی طرف سے پرتشدد کلچر کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور بار بار وارننگ کے باوجود ان کے کارکنوں کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
برجیت سنہا نے الزام لگایا کہ جو پارٹی دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعوی کرتی ہے، اس کا اپنے لیڈروں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ یہ غنڈوں کی پارٹی ہے اور یہاں غیر جمہوری عناصر کا اجتماع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تشدد اور حملوں میں ملوث نہیں ہے، لیکن پارٹی کے پاس مجرموں اور سماج دشمن عناصر کی مخالفت کرنے کا حق اور صلاحیت ہے اور اب سے کانگریس بی جے پی کے ہر حملے کا جواب دے گی۔
برجیت سنہا نے کہا کہ کانگریس 21 جولائی کو انوکوٹی، شمالی تریپورہ اور دھلائی اضلاع میں بند منائے گی اور مطالبہ کیا کہ کانگریس صدر، ایم ایل اے سدیپ رائے برمن، اے آئی سی سی سکریٹری سریتا اور سینئر لیڈر آشیش ساہا اور دیگر پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔