اڑتے طیارہ میں بگڑ گئی پائلٹ کی طبیعت، پھر ایک مسافر کی مدد سے کو-پائلٹ نے کرائی محفوظ لینڈنگ
جب پائلٹ کی طبیعت خراب ہوئی تو اسے فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی کے لیے کاک پٹ سے نکالنا پڑا، اس دوران طیارہ میں سفر کر رہے ایک مسافر نے محاذ سنبھالنے کا عزم ظاہر کیا۔
طیارہ میں تکنیکی خرابی کے سبب ایمرجنسی لینڈنگ کی خبریں تو کئی بار سامنے آ چکی ہیں، لیکن یہ خبر حیرت انگیز ہے کہ اڑتے طیارہ میں پائلٹ کی طبیعت بگڑنے کے بعد ایک مسافر نے طیارہ کی محفوظ لینڈنگ کرائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنس سے جڑا ہے جس کے ایک طیارہ نے لاس ویگاس سے اوہیو کے کولمبس کے لیے پرواز بھری تھی۔ طیارہ کے ٹیک آف کرنے کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ میڈیکل ایمرجنسی کی حالت میں طیارہ کو واپس لاس ویگاس میں لینڈ کرانے کے لیے کہا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ جب پائلٹ کی طبیعت خراب ہوئی تو اسے فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی کے لیے کاک پٹ سے نکالنا پڑا۔ اس دوران طیارہ میں سفر کر رہے ایک مسافر نے محاذ سنبھالنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس نے طیارہ کو آپریٹ کرنے میں کو-پائلٹ کی مدد کی اور پھر کامیابی کے ساتھ طیارہ کی لینڈنگ ہوئی۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس مسافر نے کو-پائلٹ کی مدد سے طیارہ کی محفوظ لینڈنگ کرائی، وہ دراصل ایک پیشہ ور پائلٹ تھا اور ایک دوسری ایئرلائن کمپنی میں کام کرتا تھا۔ اس نے کاک پٹ میں آ کر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا۔ پھر طیارہ کے کو-پائلٹ نے فلائٹ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ کچھ دیر بعد فلائٹ 6013 کی محفوظ لینڈنگ ہو گئی۔
یہ واقعہ گزشتہ بدھ کا ہے اور اس تعلق سے ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنس کے ترجمان کرس پیری نے کہا کہ ایک دیگر ایئرلائن کے پائلٹ نے فلائٹ ڈیک میں انٹر کیا اور ریڈیو مواصلات کے ساتھ ہماری مدد کی، جبکہ ہمارے ساؤتھ ویسٹ پائلٹ نے طیارہ کو اڑایا۔ طیارہ تقریباً ایک گھنٹے 17 منٹ تک ہوا میں رہا۔ اس دوران ایک خاتون مسافر نے بیمار پائلٹ کا علاج کیا۔ وہ پروفیشنل نرس تھی۔ لینڈنگ کے بعد پائلٹ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ فی الحال معاملے کی جانچ کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔