شیوراج کے ’سنگاپور‘ کا حال بے حال، کمل ناتھ نے سنگرولی کی حالت پر بی جے پی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ
سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ دسمبر 2018 میں ووٹوں سے تو کانگریس کی حکومت بنی تھی، لیکن دھوکہ اور نوٹوں سے دوبارہ بی جے پی کی حکومت برسراقتدار ہو گئی۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ نے سنگرولی دورہ کے دوران یہاں کی حالت کو لے کر بی جے پی کی شیوراج حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انھوں نے سنگرولی کو ’سنگاپور‘ بنانے کے شیوراج سنگھ چوہان کے پرانے وعدے پر طنز کستے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ’سنگاپور‘ کا حال بے حال ہے۔ انھوں نے کہا کہ شیوراج نے سنگرولی کو سنگاپور بنانے کی بات کہی تھی، لیکن یہاں کے لوگوں کو بنیادی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سنگرولی کے دیوسر میں منعقد جلسہ عام کو خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ ہندوستان کی توانائی راجدھانی سنگرولی میں آ کر بہت خوش ہوتی ہے، لیکن ساتھ ساتھ افسوس بھی ہوتا ہے۔ جو ضلع بے پناہ معدنیاتی وسائل سے بھرا ہوا ہے، اس ضلع میں 20 سالوں سے بی جے پی رکن اسمبلی ہونے کے باوجود بھی ترقی کوسوں دور ہے۔ شیوراج سنگھ نے اسی سنگرولی میں آ کر کہا تھا کہ میں سنگرولی کو سنگاپور بناؤں گا۔ یہاں آ کر دیکھ رہا ہوں کہ سڑک، بجلی، پانی وغیرہ کے معاملے میں آپ سب کو کتنی پریشانی ہو رہی ہے۔ جتنا ریونیو سنگرولی مدھیہ پردیش کو دیتا ہے، اس تناسب میں کیا سنگرولی کی ترقی کے لیے رقم بی جے پی حکومت کے ذریعہ دی گئی؟
کمل ناتھ نے کہا کہ دسمبر 2018 میں ووٹوں سے تو کانگریس کی حکومت بنی تھی، لیکن دھوکہ اور نوٹوں کی طاقت سے دوبارہ بی جے پی برسراقتدار ہو گئی۔ نوٹوں کی طاقت پر بنی ہوئی حکومت عوام کی جیب سے نوٹ وصول کرتی ہے۔ بی جے پی حکومت نے ریاست میں پنچایتی راج کو پوری طرح منہدم اور چوپٹ کر رکھا ہے۔ آج سرپنچوں اور نائب سرپنچوں کی کوئی قیمت نہیں رہ گئی۔ شیوراج حکومت میں پنچایتی راج کا استعمال خود کے فائدے اور کمیشن خوری کے لیے کیا گیا۔ مائننگ فنڈ کا بے تحاشہ استعمال کیا جا رہا ہے، مائننگ فنڈ بدعنوانی کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔
اس موقع پر سابق حزب مخالف لیڈر اجئے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کی یہاں سے زمین کھسکنے والی ہے۔ ریاست کے مکھیا شیوراج سنگھ اپنے آبائی علاقہ بدھنی کی ترقی نہیں کر سکے تو سنگرولی کو سنگاپور کیسے بنا سکتے ہیں۔ کمل ناتھ نے کانگریس حکومت میں جو منصوبے شروع کیے تھے، ریاست پٹری پر آ رہی تھی، لیکن غداروں نے خودداروں پر پیچھے سے حملہ کر اقتدار چھین لیا اور اب بی جے پی حکومت ریاستی عوام کا خون چوس رہی ہے۔ زبردست مہنگائی، بے روزگاری سے عوام بے حال ہے۔
سابق وزیر اور مقامی کانگریس رکن اسمبلی کملیشور پٹیل نے کہا کہ قومی پارٹی کے سرکردہ لیڈر راہل گاندھی کے ذریعہ بی جے پی حکومت میں ہو رہی زبردست بدعنوانی، مہنگائی اور عوام مخالف ایشوز کو لے کر نکالی گئی بھارت جوڑو یاترا سے ملک میں عوامی بیداری پیدا ہوئی ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ کرناٹک میں کانگریس کی مکمل اکثریت والی حکومت بن رہی ہے۔ اس کا اثر اب مدھیہ پردیش میں بھی دکھائی دے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔