مرکزی حکومت نے کشمیر میں سرگرم ’تحریک حریت‘ کو غیر قانونی تنظیم قرار دے دیا

حکومت نے جموں و کشمیر میں سرگرم ایک اور تنظیم 'تحریک حریت' کو 'غیر قانونی تنظیم' قرار دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس کی اطلاع دی

امت شاہ، تصویر یو این آئی
امت شاہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: حکومت نے جموں و کشمیر میں سرگرم ایک اور تنظیم 'تحریک حریت' کو 'غیر قانونی تنظیم' قرار دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس کی اطلاع دی۔ امت شاہ نے کہا کہ تحریک حریت کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت 'غیر قانونی تنظیم' قرار دیا گیا ہے۔ حکومت نے اس سے قبل ایک اور دہشت گرد تنظیم مسلم لیگ جموں و کشمیر (مسرت عالم دھڑے) کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ تنظیم جموں و کشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے اور اسلامی حکومت قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ یہ جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان مخالف پروپیگنڈہ اور دہشت گردانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کسی بھی فرد یا تنظیم کی ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے اقدامات کو ناکام بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ 27 دسمبر کو حکومت نے مسلم لیگ جموں کشمیر (مسرت عالم دھڑے) کو کالعدم دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق تنظیم کا لیڈر مسرت عالم بھٹ ہندوستان مخالف ایجنڈا چلاتا تھا۔ وہ وادی میں پاکستان کی حمایت میں سرگرمیاں بھی کر رہا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔