نکی یادو قتل اور فریج سے لاش برآمد ہونے کا معاملہ، پولیس نے ساحل گہلوت کے والد سمیت 5 ملزمان کو کیا گرفتار

قومی راجدھانی دہلی میں نکی یادو کے مبینہ قتل کے چند دن بعد دہلی پولیس نے مرکزی ملزم ساحل گہلوت کے والد سمیت پانچ دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں نکی یادو کے مبینہ قتل کے چند دن بعد دہلی پولیس نے مرکزی ملزم ساحل گہلوت کے والد سمیت پانچ دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔ پولیس نے کہا کہ ساحل کے والد پر اپنے بیٹے کی 'سازش' میں مدد کرنے کا الزام ہے۔

خیال رہے کہ اس سنسنی خیز واردات کا انکشاف واقعہ رونما ہونے کے چار دن بعد 14 فروری کو ہوا تھا، جب ساحل گہلوت نے پولیس حراست میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔ پولیس نے ہوٹل کے اس فریج سے لاش کو برآمد کیا تھا جہاں قتل کرنے کے بعد اسے رکھا گیا تھا۔

اسپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم) رویندر یادو نے ہفتہ (18 فروری) کو بتایا کہ ملزم ساحل کے والد، دو کزن آشیش اور نوین اور دو دوستوں امر اور لوکیش سے پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ساحل کا کزن نوین دہلی پولیس میں کانسٹیبل ہے۔

رویندر یادو نے کہا ’’مرکزی ملزم ساحل گہلوت سے پولیس حراست کے دوران طویل پوچھ گچھ کی گئی۔ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم ٹوٹ گیا اور پولیس کو بتایا کہ نکی اسے کسی دوسری لڑکی سے شادی نہ کرنے کا کہہ رہی تھی، کیونکہ دونوں (ساحل اور نکی) کی شادی 2020 میں ہو چکی تھی۔


پولیس نے کہا کہ نکی اس کے اہل خانہ کے ذریعہ 10 فروری کو کسی دیگر لڑکی کے ساتھ طے کی گئی شادی کے حق میں نہیں تھی۔ اس کے بعد ملزمان نے مبینہ طور پر سازش کی اور نکی کو اپنے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ رویندر یادو نے کہا ’’ساحل نے نکی کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا اور اسی دن شریک ملزمان کو بتایا اور پھر سبھی شادی کی تقریب میں شریک ہوئے۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔