ایک طرف ملک کے بہادر ہیں اور دوسری طرف وزیر اعظم کا تکبر اور تاناشاہی: راہل گاندھی

راہل نے جس خبر کو شیئر کیا اس کے مطابق ’پرم ویر چکر‘ سے سرفراز کیپٹن بانا سنگھ کہتے ہیں کہ ’اگنی پتھ اسکیم‘ فوج کو برباد کر دے گی اور ملک کو بڑی قیمت ادا کرنی ہوگی، اس سے چین-پاکستان کو فائدہ ہوگا

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: فوج میں بھرتی کے لئے مرکز کی جانب سے متعارف کرائی گئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کی نوجوان اور کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں لگاتار مخالفت کر رہی ہیں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر اس اسکیم کے حوالہ سے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ایک طرف ملک کے پرم ویر (سب سے بہادر) ہیں اور دوسری طرف وزیر اعظم کا تکبر اور تاناشاہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے پوچھا ’کیا نئے ہندوستان میں صرف ’متروں‘ کی سماعت ہوگی اور ملک کے بہادروں کی سماعت نہیں ہوگی؟


راہل گاندھی نے ہندی اخبار ’نوبھارت ٹائمز‘ کی جس خبر کا ٹوئٹر پر اشتراک کیا ہے اس میں ہندوستانی فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز ’پرم ویر چکر‘ حاصل کر چکے کیپٹن بانا سنگھ کا بیان شائع کیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق کیٹن بانا سنگھ کا کہنا ہے کہ اگنی پتھ اسکیم فوج کو برباد کر دے گی اور فوج کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ کا اصل فائدہ پاکستان اور چین کو ہوگا۔

خیال رہے کہ راہل گاندھی نے پہلے بھی کئی بار اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ٹوئٹ کئے ہیں۔ راہل گاندھی نے کانگریس کے صدر دفتر پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بھی مودی حکومت پر اس اسکیم کے حوالہ سے حملہ بولا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ’’یہ لوگ ہماری فوج کو کمزور کر رہے ہیں اور جب جنگ ہوگی تو اس کا نتیجہ سامنے آئے گا۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’چینی فوج ہندوستان کی سرزمین پر بیٹھی ہے، چینی فوج نے ہم سے ہماری زمین چھین لی ہے۔ یہ وہ سچ ہے جسے حکومت نے بھی تسلیم کر لیا ہے۔ فوج کو مضبوط کیا جائے لیکن حکومت فوج کو کمزور کر رہی ہے۔ جب جنگ ہوگی تو اس کا نتیجہ نکلے گا۔ سب کو یاد ہے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں۔ یہ لوگ ہماری فوج کو کمزور کر رہے ہیں۔ ملک کو نقصان پہنچے گا اور وہ خود کو محب وطن کہتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔