تِرنگے میں لپٹے شہید جوان کو بھول ’ڈانس پارٹی‘ میں مصروف تھے نتیش-مودی کے وزیر
اتوار کو کپواڑا تصادم میں شہید سی آر پی ایف جوان پنٹو سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نہ ہی بی جے پی اور نہ ہی جنتا دل یو کا کوئی لیڈر پہنچا۔ یہ دیکھ کر لوگوں نے جم کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
بہار میں این ڈی اے اور بی جے پی لیڈر پہلے شہید جوانوں کی بے عزتی کرتے ہیں اور جب ان کی حرکت پر لوگوں نے سوشل میڈیا میں جم کر کھنچائی کی تو بعد میں اپنی غلطی پر معافی مانگتے نظر آتے ہیں۔ شرمناک یہ ہے کہ جب شہید کے جسد خاکی کو سپرد خاک کیا جا رہا تھا تو این ڈی اے کے لوگ ڈانس کا مزہ لے رہے تھے۔
دراصل اتوار کو کپواڑا تصادم میں شہید سی آر پی ایف جوان پنٹو سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نہ ہی بی جے پی اور نہ ہی جنتا دل یو کا کوئی لیڈر پہنچا۔ یہ دیکھ کر لوگوں نے جم کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ جنتا دل یو کے نائب صدر پرشانت کشور نے تو اس پر معذرت کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ ’’ہم اس غلطی کی معافی چاہتے ہیں۔ ہمیں اس تکلیف کے وقت میں آپ کے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔‘‘
اس سے قبل لالو یادو نے ڈانس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کر این ڈی اے پر شہادت کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔ لالو یادو نے کہا کہ جب ایک طرف شہید کی لاش رکھی ہوئی تھی، این ڈی اے کی پٹنہ میں منعقد ریلی سے ٹھیک پہلے والی شام ’گرما گرم‘ پروگرام منعقد کیا گیا۔
انھوں نے فیس بک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ایک طرف ترنگے میں لپٹے ماں بھارتی کے بہادر شہیدوں کا جسد خاکی رکھا ہوا تھا اور دوسری طرف ان کی شہادت سے فائدہ اٹھانے والی سیاست کے لیے پٹنہ میں منعقد ریلی سے قبل کی شام نتیش اور مودی کے وزیر گرما گرم پروگرام میں رنگارنگ ڈانس کا مزہ لے رہے تھے۔ ان کو شرم بھی نہیں آتی۔‘‘
اس سے قبل آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے پی ایم مودی کی ریلی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے لکھا تھا کہ’’مودی جی، بہار میں شہیدوں کی چِتا (لاش) ٹھنڈی بھی نہیں ہوئی۔ ایک شہید کا جسد خاکی بھی بہار نہیں آیا ہے اور آپ اپنی گری ہوئی سیاست چمکانے بہار کی اعلیٰ مرتبت زمین پر آئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بہاری بہت بیدار ہیں، وہ آپ کی لفاظی اور جملے بازی میں پھنسنے والے نہیں۔ آپ کے پرانے وعدوں کا کیا ہوا؟‘‘
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے ہندواڑا میں شہید ہوئے پنٹو کمار کا جسد خاکی جب پٹنہ ائیر پورٹ پر پہنچا تو وہاں حکومت کی طرف سے کوئی لیڈر یا وزیر موجود نہیں تھا۔ ایسا اس لیے تھا کیونکہ اتوار کو ہی این ڈی اے کی جانب سے پٹنہ میں ’سنکلپ ریلی‘ کا انعقاد کیا گیا اور اس میں پی ایم مودی بھی شامل ہوئے۔ ریلی کی تیاریوں میں مصروف لیڈروں میں سے کسی کو بھی شہید کا خیال نہیں آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Mar 2019, 4:09 PM