لیہہ سے لاپتہ ہونے والی خاتون کی لاش بلتستان میں دریائے شیوک سے برآمد

پولیس کنٹرول روم لیہہ سے جب بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے، جبکہ متوفی خاتون کے بارے میں جاری شدہ اشتہار برائے گمشدگی میں پی سی آر کا فون نمبر بھی درج ہے۔

تصویر بشکریہ ٹریول ہمالیاز ڈاٹ کام
تصویر بشکریہ ٹریول ہمالیاز ڈاٹ کام
user

یو این آئی

سری نگر: لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ کے بوگ ڈنگ علاقے سے 26 اگست کو لاپتہ ہونے والی 30 سالہ خاتون کی لاش مبینہ طور پر پاکستان زیر قبضہ بلتستان میں دریائے شیوک سے برآمد ہوئی ہے۔ اس بات کا انکشاف گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایک کالم نویس شیر علی انجم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے لاش کی گھر واپسی کے لئے طویل راستے کے بجائے چھوٹے راستے کو اختیار کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ دریں اثنا جب یو این آئی اردو نے اس معاملے کے بارے میں لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر سے ٹیلی فون پر بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'آپ اس بارے میں مجھے سوال ای میل کریں'۔


شیر علی انجم اپنے ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ 'بلتستان چھوربٹ میں دریائے شیوک سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت خیر النساء زوجہ عباس علی ساکنہ بوگ ڈنگ لیہہ لداخ سے ہوئی ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ میت کو پانچ ہزار کلو میٹر واہگہ بارڈر کے بجائے دو کلو میٹر چھوربٹ سے خاردار تار ہٹا کر لواحقین تک پہنچانے کا انتظام کریں'۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ متوفی خاتون کے لاپتہ ہونے کا اشتہار اور ایک تصویر جس میں کچھ لوگ لاش کو ایک کمبل میں اٹھا رہے ہیں، بھی منسلک کی ہے۔ کرگل سے تعلق رکھنے والے سابق صحافی اور سماجی کارکن سجاد حسین کرگلی نے شیر علی انجم کے ٹوئٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'بلتستان چھوربٹ میں دریائے شیوک سے خیر النساء زوجہ عباس علی ساکنہ بوگ ڈنگ لیہہ کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ سے التماس ہے کہ وہ میت کی واپسی کے لئے مناسب چینل کا استعمال کرے'۔


پولیس کنٹرول روم لیہہ سے جب بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے جبکہ متوفی خاتون کے بارے میں جاری شدہ اشتہار برائے گمشدگی میں پی سی آر کا فون نمبر بھی درج ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔