بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ریاستی صدر کو غدار قرار دیا، بی ایس پی امیدوار کی مدد کرنے کا الزام

اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی میں کھلبلی مچ گئی ہے، یہاں بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ریاستی صدر مدن کوشک پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہرادون: اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہو چکی ہے اور اب 10 مارچ کو انتخابی نتائج کا انتظار ہے لیکن اس دوران پارٹی کے رکن اسمبلی اور امیدوار نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی سنجے گپتا کا الزام ہے کہ ریاستی صدر مدن کوشک نے انہیں ہرانے کے لیے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار کی حمایت کی ہے۔

لکسر اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی سنجے گپتا نے کہا، "اتراکھنڈ بی جے پی کے سربراہ مدن کوشک نے بی جے پی کے کچھ امیدواروں کے خلاف کام کیا ہے تاکہ ان کی ہار ہو جائے۔ مدن کوشک نے میرے خلاف بی پی ایس امیدوار کی حمایت کی۔ وہ غدار ہیں۔ میں بی جے پی قیادت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے۔


واضح رہے کہ مدن کوشک کو بی جے پی نے گزشتہ سال مارچ میں ریاستی صدر بنایا تھا۔ وہ ضلع جنرل سکریٹری سے ریاستی صدر تک کا سفر کر چکے ہیں۔ وہ ہریدوار سے موجودہ رکن اسمبلی بھی ہیں۔

یوپی کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے ساتھ ہی پیر کے روز گوا اور اتراکھنڈ میں بھی ووٹنگ ہوئی۔ گوا اور اتراکھنڈ میں ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوئی اور یہاں 65.1 فیصد ووٹنگ درج کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔