لکھنؤ واقع ’لولو مال‘ میں نماز پڑھنے والے ملزمین کو عدالت سے مل گئی ضمانت

عدالت نے سبھی کو مشروط ضمانت دی ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ بلائے جانے پر سبھی کو عدالت میں حاضر ہونا ہوگا اور ثبوتوں کے ساتھ بھی کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہیے۔

لولو مال
لولو مال
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ واقع لولو مال اپنے افتتاح کے دن سے ہی سرخیوں میں ہے۔ پہلے تو وزیر اعلیٰ یوگی کے ذریعہ عالیشان مال کے افتتاح کی خبریں اخبارات کی زینت بنیں، اور پھر تین چار دن بعد ہی وہاں کچھ لوگوں کے ذریعہ نماز پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ تب سے جو تنازعہ شروع ہوا ہے تو رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ نماز پڑھنے والے کچھ لوگوں کی گرفتاری مقامی پولیس کے ذریعہ کی گئی تھی، لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عدالت نے انھیں ضمانت پر رِہا کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لولو مال میں نماز پڑھ کر تنازعہ پیدا کرنے کے ملزمین ضمانت پر رِہا ہو کر جیل سے باہر آ چکے ہیں۔ ضمانت پر جیل سے باہر آئے عاطف اور ریحان نے ایک میڈیا ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ 12 جولائی کو مال گھومنے گئے تھے اور شام کو جب نماز کا وقت ہوا تو کوئی خالی جگہ تلاش کرنے لگے جہاں نماز پڑھی جا سکے۔ اسی درمیان ایک شخص وہاں نماز پڑھتے دکھائی دیا اور وہ بھی مال کے ایک گوشے میں نماز پڑھنے لگے۔


اے بی پی لائیو نیوز پورٹل پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق عاطف اور ریحان نے بتایا کہ انھوں نے تقریباً 5 منٹ میں نماز مکمل کی تھی۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ نماز کے دوران ایک نمازی الگ سمت میں گھوم کر کیوں بیٹھا ہوا تھا، تو انھوں نے بتایا کہ نماز کے بعد دعا کے وقت امام الگ سمت میں گھوم کر ہی بیٹھتے ہیں۔ عاطف کا کہنا ہے کہ تیسرے دن ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ ڈرے ہوئے تھے کہ کہیں کوئی انھیں مار نہ دے، اس لیے وہ سامنے نہیں آئے۔

واضح رہے کہ ان لوگوں کو لکھنؤ پولیس نے بغیر اجازت لولو مال میں نماز پڑھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ان دونوں کے علاوہ محمد عادل، محمد لقمان اور محمد نعمان کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے ان لوگوں کو بھی ضمانت پر رِہا کر دیا ہے۔ ان سبھی کو مشروط ضمانت دی گئی ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ بلائے جانے پر سبھی کو عدالت میں حاضر ہونا ہوگا اور ثبوتوں کے ساتھ بھی کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔