شیوراج کے پروگرام میں عصمت دری اور ویاپم کے ملزمین ہوئے شامل!

کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری نے لکھا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج خواتین کی ترقی پر بغیر رکے تقریر کر رہے تھے اور ان کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے عصمت دری کے ملزم دھرمویر بھدوریا جو ضمانت پر ہیں۔

شیوراج سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
شیوراج سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے ذریعہ اتوار کو گوالیر میں مرکزی اور ریاستی وزراء کی موجودگی میں کیا گیا ایک نجی میڈیکل کالج کا بھومی پوجن پروگرام تنازعہ میں آ گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس نے اس کی تصویریں جاری کر پروگرام میں عصمت دری اور ویاپم کے ملزمین کے شامل ہونے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری اور میڈیا سیل کے انچارج کے کے مشرا نے گوالیر میں منعقد پرائیویٹ میڈیکل کالج کے بھومی پوجن پروگرام سے متعلق تصویر کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پروگرام میں عصمت دری اور ویاپم کے ملزمین کے شامل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔


تصویر شیئر کرتے ہوئے مشرا نے لکھا کہ ’’اتوار کو وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے گوالیر میں ایک پرائیویٹ میڈیکل کالج کا بھومی پوجن کیا۔ خواتین کی ترقی پر بغیر رکے تقریر کر رہے تھے، ان کے ساتھ اسٹیج پر شراکت دار تھے- عصمت دری کے ملزم دھرمویر بھدوریا جو ضمانت پر ہیں، دوسرے گلاب سنگھ کرار جن کا نام ویاپم گھوٹالے میں سی بی آئی چارج شیٹ میں ہے۔ واہ!‘‘

کانگریس کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر بی جے پی کا رد عمل جاننے کے لیے بی جے پی کے کئی لیڈروں سے رابطہ کیا گیا، لیکن کوئی بھی اس معاملے پر بولنے کو تیار نہیں ہوا۔ دراصل اتوار کو گوالیر میں دیوراج انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اینڈ ہاسپیٹل کے بھومی پوجن کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ اس میں مرکزی حکومت کے وزیر نریندر سنگھ تومر، جیوترادتیہ سندھیا سمیت ریاستی حکومت کے کئی وزراء اور بی جے پی کے سینئر لیڈران موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔