حیدرآباد: ’پرانے شہر کے عوام کا شکریہ، ساؤتھ زون کے 99 فیصد شہریوں نے لاک ڈاون کی پاسداری کی‘

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجنی کمار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد شہر میں گزشتہ 16 تا 17دنوں کے دوران لاک ڈاؤن کا اثر کافی اچھا ہے، نئے مثبت معاملات میں کمی ہو رہی ہے۔

حیدر آباد پولس کمشنر انجنی کمار / فائل تصویر
حیدر آباد پولس کمشنر انجنی کمار / فائل تصویر
user

یو این آئی

حیدرآباد: کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہا ہے کہ پرانے شہر حیدرآباد کے ساوتھ زون کے تقریباً 99 فیصد شہری لاک ڈاون پر مناسب طور پر عمل کر رہے ہیں جس پر وہ ساوتھ زون کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ لاک ڈاون کے نفاذ کا سب سے بہترین نمونہ ساوتھ زون میں کے عوام نے پیش کیا جو اچھی بات ہے۔ انہوں نے پرانا شہر حیدرآباد کے مدینہ سرکل پتھرگٹی پر پولیس چیک پوسٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کورونا کے سلسلہ میں عوام میں بیداری پیدا کی گئی۔ اس بیداری کے حصہ کے طور پر پولیس ملازمین نے کورونا کی انوکھی ہیلمٹ پہنتے ہوئے عوام میں اس وبا کے تعلق سے بیداری پیدا کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجنی کمار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد شہر میں گزشتہ 16 تا 17دنوں کے دوران لاک ڈاؤن کا اثر کافی اچھا ہے، نئے مثبت معاملات میں کمی ہو رہی ہے۔ بڑے شہروں ممبئی، دہلی، بنگالورو کے مقابلہ شہر حیدرآباد میں کورونا سے اموات کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ عوام کے تعاون سے ہی یہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین محکمہ جاتی تال میل بہتر انداز میں ہو رہا ہے۔ پولیس ملازمین صبح 9.30 بجے سے رات دیر گئے تک شہریوں اور ان کے خاندانوں کی سلامتی اور تحفظ کے لئے سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ کئی ایسے کانسٹیبل ہیں جن کے گھروں میں ان کے رشتہ دار کورونا سے متاثر ہیں لیکن اس کے باوجود بھی یہ کانسٹیبل عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لئے سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ان کے درد کو پہچاننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے تئیں بھی شہریوں میں کچھ ذمہ داری ہونی چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک فیصد شہری ہنوز لاک ڈاون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ایسے افراد سے وہ خواہش کرتے ہیں کہ وہ گھروں میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایک فیصد افراد کی جانب سے مختلف خلاف ورزیوں پر روزانہ لگ بھگ 9000 معاملات درج کیے جا رہے ہیں، کم وبیش 7000 گاڑیوں کو ضبط کیا جا رہا ہے۔

انجنی کمار نے کہا کہ ان غیر ذمہ داروں سے وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کی وجہ سے کورونا ابھی نہیں رک رہا ہے۔ ایک گھر سے دوسرے گھر جانے کا موقع کورونا کو ایسے افراد دے رہے ہیں۔ ایسے افراد اپنے ساتھ کورونا کو لے کر دوسرے گھر جارہے ہیں۔ یہ ایسے لوگوں کی غلطی ہے جس کے لئے سماج ان افراد کو معاف نہیں کرے گا۔ اگر ایسے افراد کی وجہ سے کسی بھی بزرگ یا پھر کسی بھی بچہ کو انفکشن ہوتا ہے تو اس کے لئے ایسے افراد ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے ساوتھ زون کے پولیس عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اتنے مشکل وقت میں اتنی کڑی محنت کا نمونہ ان عہدیداروں نے پیش کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔