دہشت گرد خدا کے دُشمن اور شیطانی قوتوں کی علامت: مسلم سیاسی و سماجی رہنما
مسلم مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماوں نے سری لنکا کے گرجاگھروں اور ہوٹلوں پر ہوئے وحشیانہ حملہ کی مشترکہ طورپر مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو خدا کا دشمن اور شیطانی طاقتوں کی علامت قرار دیا۔
نئی دہلی: مسلم مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماوں نے سری لنکا کے گرجاگھروں اور ہوٹلوں پر ہوئے وحشیانہ حملہ کی مشترکہ طورپر مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو خدا کا دشمن اور شیطانی طاقتوں کی علامت قرار دیا۔
دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں منعقد پروگرام میں سبھی شرکاء نے مشترکہ طور سے تیارہ کردہ اپنے پیغام میں کہا ’’ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مذہبی مقامات پر بالخصوص مذہبی تہواروں کے موقع پر دہشت گردانہ حملے جیسا کہ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہوا، ان کا مقصد مختلف عقائد اور قوموں کے افراد کے درمیان عداوت اور دوری پیدا کرنا ہے، اس لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے عیسائی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان پر ڈھائے گئے غم اور مصیبت کے موقع پر ان کے ساتھ یک جہتی اور یگانگت کا اظہار کریں۔‘‘
اس موقع پر مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علمائے ہند نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر مگر کے بغیر ہم اس وحشیانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر سوال اٹھانے کے بجائے یہ موقع ایسا ہے جس میں ہم مشترکہ طور سے کہتے ہیں کہ متاثرین کو جن تکلیف اور دکھ کا سامنا ہیں ہم ان کے ساتھ غم میں شریک ہیں اور ہمیں ایک ساتھ بیٹھ کر ان کے دکھ کا مداوا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر کرسچن رہ نمافادر فیلکس،سکریٹری برائے انٹرفیتھ، فادر اے سی مائیکل ڈڈاکٹر ابراہم میتھیو این سی سی آئی وغیرہ نے جمعےۃ علماء ہند اور مسلم تنظیموں کی جانب سے ا ظہار یک جہتی کا شکریہ اداکیا۔ پریس کانفرنس سے ڈاکٹر ظفر الاسلا م خاں، سابق جنرل سکریٹری آل انڈیا کرسچن کونسل ڈاکٹر جان دیال، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد، اے سی مائیکل، جماعت اسلامی ہند کے نصرت علی، شیعہ عالم مولانا محسن تقوی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہیکہ’’سری لنکا کے چرچوں اور ہوٹلوں پر پہ درپہ وحشیانہ طور سے انجام دیے گئے بم دھماکوں نے دنیا بھر میں مہذب سماج کو گہرے دکھ اور صدمے میں ڈال دیا ہے۔ ہم سبھی امن پسندافراد بلاتفریق مذاہب اور اقوام اس ظالمانہ عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جو لوگ ان بم دھماکوں میں ملوث ہیں وہ انسانیت، تہذیب اور خدا کے دشمن اور روئے زمین پر شیطانی طاقتوں کی علامت ہیں۔ان کو کسی مذہب سے جوڑنا درحقیقت خود مذہب اور عقیدے کی توہین ہے۔اس لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ تمام عقائد سے وابستہ افراد متفقہ طور سے ایسے وحشی افراد اور گروہوں سے بیزاری کا اظہار کریں۔یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے عناصر کو بے نقاب کریں اوران کو اپنے سماج سے باہر کریں۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’ہم دنیا بھر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ دہشت گرد جماعتوں کی کسی بھی کارروائی کو ناکام بنانے کے لیے موثر تدابیر اختیار کریں اورہمہ وقت باخبر رہنے اور تندہی کا ثبوت پیش کریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Apr 2019, 8:10 PM