یمنا ایکسپریس وے پر بھیانک کار حادثہ، 5 لوگ زندہ جل گئے
پہلے ایک بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر سڑک پر الٹی پھر اس سے سوئفٹ کار ٹکرا گئی، جس سے کار میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار لوگ زندہ جل گئے۔
یمنا ایکسپریس وے پر پیش آئے ایک افسوسناک واقعے میں ایک بس اور سوئفٹ کار حادثہ کا شکارہوگیا۔ اس حادثہ سے دونوں گاڑیوں میں بھیانک آگ لگ گئی اور کار میں سوار 5 افراد زندہ جل گئے۔ اس حادثے میں کچھ مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
یہ حادثہ متھرا کے تھانہ مہاون علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر ہوا ہے۔ یہاں ایک ڈبل ڈیکر سلیپر بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، کہ اسی اثنا میں پیچھے سے آنے والی ایک سوئفٹ ڈیزائر کار بس سے ٹکرا گئی۔اس تصادم سے دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور کار میں سوار 5 افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں : اتر پردیش میں مردوں میں 53 فیصد کینسر کی وجہ تمباکو
اطلاع کے مطابق آگرہ سے نوئیڈا جا رہی نجی بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر بے قابو ہو گئی اور سڑک پر الٹ گئی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک سوئفٹ کار اس سے ٹکرا گئی۔ تصادم سے بس کے ڈیزل ٹینک میں آگ لگ گئی۔ گاڑی بھی اس آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ گاڑی میں موجود پانچوں افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا اور وہ تمام لوگ کار کے اندر ہی جل گئے جس سے ان کی موت ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین: ’ریپ‘ کی تعریف پر اختلاف رائے
بتایا جاتا ہے کہ آگ لگنے کے بعد بس کے مسافر چھلانگ لگا کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے لیکن کار میں سوار لوگوں کو موقع نہیں مل سکا۔ اس ڈبل ڈیکر بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں کچھ مسافر زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ڈی ایم اور ایس ایس پی بھی پہنچ گئے۔ مرنے والوں کی فی الحال شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔