ہندوستان۔پاکستان کے درمیان کشیدگی کم ہورہی ہے: قریشی

شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے اور یہ مثبت اشار ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلہ پر خود کش حملہ کے بعد ہندوستان کے جارحانہ رویہ اور بین الاقوامی سطح پر دباو کے درمیان پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم ہورہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے اور یہ مثبت اشار ہیں۔‘‘

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر قریشی نے کہا ’’ پاکستان نے سفارتی کوششوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو نئی دہلی واپس بھیجا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کرتار پور کوریڈور پر بات چیت کے لئے پاکستان کا ایک وفد نئی دہلی جائے گا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو کے ہندوستان کے ساتھ موجودہ حالت میں ان کے رول کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ذریعہ نجی ڈپلومیسی نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کا کام کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین‘ روس‘ ترکی ‘ متحدہ عرب امارات اور اردن کے وزرائے خارجہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق ا س سے پہلے چین پاکستان اقتصادی کوریڈور (سی پیک) کے اگلے مرحلے کی شروعات کے وقت قومی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے رشتے علاقے میں سیاسی استحکام کے لئے مثبت عنصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ بحران کے بعد چین کی قیادت نے ہندوستان او رپاکستان کو تنازعہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کا ٹھوس مشورہ دیا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔