جھانسی میڈیکل کالج کے بچہ وارڈ میں زبردست آگ لگی، دس بچوں کی موت

لکشمی بائی میڈیکل کالج کے شیرخوار وارڈ میں زبردست آگ لگ گئی۔ایک درجن سے زائد فائر ٹینڈروں نے آگ پر قابو پالیا لیکن بتایا جا رہا ہے کہ دس بچوں کی موت ہو گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کل رات اتر پردیش میں جھانسی کے میڈیکل کالج میں زبردست آگ لگ گئی۔نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق  جھانسی کے ڈی آئی جی کلا ندھی نیتھانی نے دس بچوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے شیرخوار وارڈ میں پیش آیا۔ حادثے میں کئی بچے شدید زخمی ہو گئے۔ بچوں کو ملحقہ سپر اسپیشلٹی وارڈ میں داخل کرایا گیا۔ آگ لگنے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ شارٹ سرکٹ  سے پیش آیا۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ نے میڈیکل کالج میں پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحتی کاموں میں تیزی لائیں ۔ ساتھ ہی زخمیوں کے فوری علاج کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔


وزیر اعلیٰ یوگی نے ایکس  پر لکھا، "جھانسی ضلع کے میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں پیش آنے والے حادثے میں بچوں کی موت انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو  جنگی بنیاد پر راحت اور بچاؤ کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ میں بھگوان شری رام سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرنے والوں کی روحوں کو نجات عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔‘‘

وزیر اعلی کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور پرنسپل ہیلتھ سکریٹری جھانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ کمشنر اور ڈی آئی جی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کریں اور بارہ گھنٹے میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔