تلنگانہ: سسرالی رشتہ داروں نے ایک شخص کو کالے جادو کے نام پر زندہ جلایا
نوجوان کی شناخت شہر حیدرآباد کے الوال کے رہنے والے 35 سالہ سافٹ ویر انجینئر پون کے طور پر کی گئی ہے جس کو اس کے سسرالی رشتہ داروں نے جسم پر پٹرول ڈال کر زندہ جلا دیا
حیدرآباد: ایک چونکا دینے والی واردات میں سسرالی رشتہ داروں نے ایک شخص کو کالے جادو کے نام پر زندہ جلا دیا۔ یہ رونگٹے کھڑی کرنے والی واردات تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے بلونت پور دیہات میں پیش آئی۔ اس نوجوان کی شناخت شہر حیدرآباد کے الوال کے رہنے والے 35 سالہ سافٹ ویر انجینئر پون کے طور پر کی گئی ہے جس کو اس کے سسرالی رشتہ داروں نے جسم پر پٹرول ڈال کر زندہ جلا دیا، جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہو گئی۔ یہ شخص بنگلورو میں سافٹ ویر انجینئر کے طور پر خدمات انجام دیتا تھا۔
چند سال پہلے اس کی شادی بلونت پور دیہات کی رہنے والی کرشنا وینی کے ساتھ ہوئی تھی تاہم 12 دن پہلے اس کے برادر نسبتی جگن کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی جس پر وہ سسرالی رشتہ داروں کو پُرسہ دینے کے لئے پیر کو بلونت پور گیا۔ ایک ہفتہ پہلے ہی اس کی بیوی اپنے مائیکے آئی تھی۔
اس کے سسرال پہنچنے پر اس کے برادر نسبتی جگن کی بیوی، جگن کے بھائی وجے اور دیگر اراکین خاندان نے الزام لگایا کہ پون کی جانب سے کالا جادو کرنے کے نتیجہ میں ہی جگن کی موت ہوئی ہے۔ اس مسئلہ پر ان کا پون سے جھگڑا ہو گیا۔ پیر کی شب مکان کے ایک کمرہ میں پون کو اس کے سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے پٹرول ڈال کر زندہ جلا دیا گیا۔
وجے مکان سے متصل مندر کا پجاری ہے۔ مکان میں جھگڑا اور پھر آگ دیکھ کر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی، تاہم تب تک پون زندہ جھلس گیا تھا۔ پولیس نے جگن کی بیوی، جگن کے بھائی وجے کو حراست میں لے لیا۔ پون کی بیوی سے بھی پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔