تلنگانہ انتخاب: کانگریس نے 45 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی، اظہرالدین کا نام بھی شامل

تلنگانہ کی 119 رکنی اسمبلی کے لیے کانگریس نے اب تک 100 امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، پارٹی نے پہلی فہرست میں 55 اور دوسری فہرست میں 45 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے۔

محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
محمد اظہرالدین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

تلنگانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے جمعہ کو اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین سمیت 45 امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی نے اظہرالدین کو حیدر آباد شہر کے جبلی ہلز سیٹ سے میدان میں اتارا ہے، جبکہ سابق رکن پارلیمنٹ مدھو گوڑ یاکشی کو لال بہادر نگر سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

تازہ فہرست میں کانگریس نے کئی اہم سیٹوں کے لیے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے۔ بی آر ایس چیف اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ کے خلاف سدیپیٹ سیٹ سے پجالا ہری کرشن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس فہرست میں کے. راج گوپال ریڈی کو منوگوڈے، مرلی نائک کو محبوب آباد اور رابن ریڈی کو امبرپیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔


واضح رہے کہ تلنگانہ کی 119 رکنی اسمبلی کے لیے کانگریس نے اب تک 100 امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے پہلی فہرست میں 55 اور اب دوسری فہرست میں 45 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے۔ جلد ہی پارٹی بقیہ بچی ہوئی سیٹوں پر بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج 3 دسمبر کو برآمد ہوں گے۔ 2018 کے تلنگانہ اسمبلی انتخاب میں کے. چندرشیکھر راؤ کی بی آر ایس (پہلے پارٹی کا نام ٹی آر ایس تھا) کو اکثریت ملی تھی۔ بی آر ایس نے 88 سیٹوں پر جیت درج کی تھی جبکہ کانگریس نے 19 سیٹ حاصل کیے تھے۔ اسدالدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم نے 7 سیٹوں پر اور بی جے پی نے ایک سیٹ پر جیت درج کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔