تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے سی آر کی عیادت کرنے ہسپتال پہنچے

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی سابق وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی عیادت کرنے پہنچے، جنہوں نے حیدرآباد کے ایک ہسپتال میں کولہے کی تبدیلی کی سرجری کروائی ہے

<div class="paragraphs"><p>ریونت ریڈی، کے سی آر / آئی اے این ایس</p></div>

ریونت ریڈی، کے سی آر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: اسمبلی انتخابات میں انتخابی مہم کی تلخیوں کو درکنار کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی سابق وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی عیادت کرنے پہنچے، جنہوں نے حیدرآباد کے ایک ہسپتال میں کولہے کی تبدیلی کی سرجری کروائی ہے۔ ریونت ریڈی، جنہوں نے 7 دسمبر کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے، سوماجی گوڈا کے یشودا ہسپتال پہنچے تھے اور وزیر سیتاکا اور سابق وزیر محمد علی شبیر بھی ان کے ساتھ تھے۔

ہسپتال انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا، جو بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے صدر سے ملنے عمارت کی نویں منزل پر گئے۔ دریں اثنا، ریونت ریڈی نے کے سی آر کے بیٹے کے ٹی آر سے ملاقات کی، جو انہیں کے سی آر کے پاس لے گئے۔ 10 منٹ بعد ہسپتال سے نکلتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے بی آر ایس سربراہ سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔


ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے چیف سکریٹری اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سابق وزیر اعلیٰ کا بہترین علاج ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہو کر اسمبلی میں آئیں اور عوام کے مسائل پر بات کریں۔ نیز، عوام کو گڈ گورننس دینے کے لیے ان کی تجاویز درکار ہیں۔

خیال رہے کہ کے سی آر 7 دسمبر کی رات ایراولی میں واقع اپنے فارم ہاؤس میں باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے، جس کے سبب ان کے کولہے میں فریکچر ہو گیا تھا۔ انہیں یشودا ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں 8 دسمبر کو ان کے کولہے کی تبدیلی کی سرجری ہوئی۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ کے سی آر سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور انہیں 2-3 دنوں میں ہسپتال سے چھٹی مل سکتی ہے۔

کے سی آر کے ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ سکریٹری ایس اے ایم رضوی کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال کا دورہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کے سی آر کو تمام ضروری طبی امداد حاصل ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔