تلنگانہ اسمبلی انتخاب: کانگریس نے جاری کیا انتخابی منشور، عوام سے کیے 6 بڑے وعدے
تلنگانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انتخابی منشور جاری کیا، اس میں خواتین کے لیے 2500 روپے ماہانہ، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور 200 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز تلنگانہ اسمبلی انتخاب کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا۔ اس منشور میں 6 گارنٹی سمیت کئی اعلانات بھی کیے گئے ہیں۔ کانگریس چیف نے 42 صفحات پر مبنی جو منشور جاری کیا ہے اس کا نام ’ابھے ہستم‘ رکھا گیا ہے۔ منشور جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لوگ کانگریس کو اقتدار میں لانے کے خواہاں ہیں۔ انتخابی منشور میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس اقتدار میں آتے ہی چھ گارنٹی پوری کرے گی جن میں خواتین کے لیے 2500 روپے ماہانہ، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور چیوتھا کے تحت اہل افراد کو 4000 روپے ماہانہ پنشن کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔
انتخابی منشور میں کانگریس نے جو 6 بڑے وعدے کیے ہیں ان میں دیگر تین وعدے ہیں کسانوں کو 15 ہزار روپے سالانہ، گھر بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کرنا اور کالج طلبا کو 5 لاکھ روپے دینا۔ اس کے علاوہ کسانوں کا دو لاکھ روپے تک قرض معاف کرنے اور مقامی بلدیوں میں او بی سی ریزرویشن 23 فیصد سے بڑھا کر 42 فیصد کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی رشتہ دار سمیتی (بی آر ایس) کے ذریعہ غریبوں کو لوٹنے کا عمل ختم کر دے گی اور عوام کی حکومت ریاست میں قائم ہوگی۔
کانگریس نے ریاست کے سبھی گھروں کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی سبھی وعدے پورے کیے جائیں گے۔ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ یہ منشور ان کے لیے گیتا، قرآن اور بائبل کی طرح ہے اور کانگریس پارٹی اسے یقینی طور پر نافذ کرے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ پارٹی کی طرف سے اعلان کردہ سبھی چھ گارنٹیوں کو پہلی کابینہ میٹنگ میں ہی پاس کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔