تلنگانہ: منوگوڑے ضمنی انتخاب سے قبل بی جے پی کو پھر لگا جھٹکا، سابق رکن پارلیمنٹ نے چھوڑی پارٹی
پدمشالی طبقہ کے سرکردہ لیڈر اور سینئر صحافی بھاسکر نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسی کے سبب بی جے پی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔
تلنگانہ میں منوگوڑے ضمنی انتخاب سے قبل بی جے پی کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ پارٹی لیڈر اور سابق راجیہ سبھا رکن راپولو آنند بھاسکر نے بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کے بعد ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اشارہ بھی دیا ہے۔ ان کے ایک دو دن میں برسراقتدار پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ بھاسکر نے کے سی آر سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ بی جے پی سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں۔
بھاسکر 2012 اور 2018 کے درمیان راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ پدمشالی طبقہ کے ایک اہم لیڈر اور سینئر صحافی بھاسکر نے کہا کہ وہ مرکز میں حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب بی جے پی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انھوں نے ہتھ کرگھا سیکٹر کی ترقی اور ریاست میں بنکروں کے فلاح سے متعلق کئی اقدام کے لیے وزیر اعلیٰ کی تعریف کی۔
بھاسکر نے مرکز کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ ہتھ کرگھا اور کپڑوں پر جی ایس ٹی لگائے جانے پر بھی ناراضگی ظاہر کی اور اسے اس سیکٹر کو کمزور کرنے کی کوشش بتایا۔ بھاسکر نے امید ظاہر کی کہ کے سی آر بھارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے ذریعہ سے قومی سیاست میں اہم کردار نبھائیں گے، جو ٹی آر ایس کے ذریعہ اپنایا گیا نیا نام ہے۔
بھاسکر کا استعفیٰ منوگوڑے اسمبلی حلقہ کے لیے 3 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب سے پہلے بی جے پی کو ملے جھٹکے کی ایک سیریز میں نیا جھٹکا ہے۔ وہ گزشتہ ایک ہفتہ میں بی جے پی چھوڑ کر برسراقتدار پارٹی میں شامل ہونے والے چوتھے لیڈر ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ کے ٹی آر ایس چھوڑنے اور بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بھگوا پارٹی چار لیڈروں سے محروم ہو گئی ہے۔ ان میں سے تین کے لیے یہ گھر واپسی جیسا تھا کیونکہ وہ پہلے ٹی آر ایس سے ہی جڑے ہوئے تھے۔
سابق رکن اسمبلی بھیشمیا گوڑ بھگوا پارٹی چھوڑ کر ٹی آر ایس کے پالے میں لوٹنے والے سب سے پہلے لیڈر تھے۔ 21 اکتوبر کو سینئر لیڈر داسوجو شرون اور تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق سربراہ کے سوامی گوڑ ٹی آر ایس میں شامل ہوئے۔ شرون نے 2014 میں کانگریس میں شامل ہونے کے لیے ٹی آر ایس چھوڑ دیا تھا، جب کہ سوامی گوڑ نے بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے 2020 میں ٹی آر ایس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔