مودی حکومت گھوٹالے بازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے: تیجسوی یادو
بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت پھیلا کر آپسی محبت اور ہم آہنگی کوختم کرنے پر آمادہ ہے۔
سمستی پور: بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما، تیجسوی پرساد یادو نے آج الزام لگایا ہے کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت گھوٹالے بازوں کو تحفظ فراہم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ ریاست کے سابق نائب وزیر اعلی مسٹر یادو نے یہ بیان سرائے رنجن میں ’آئین بچاؤ‘ انصاف یاترا کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لگایا۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے تحفظ کی وجہ سے ہی ہیرا تاجر نیرو مودی جیسا گھپلہ باز کروڑوں کا گھپلہ کر کے ملک سے فرار ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی اتحادی حکومت میں بے روزگاری کا مسئلہ بڑھا ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی لوگوں کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت پھیلا کر آپسی محبت اور ہم آہنگی کوختم کرنے پر آمادہ ہے۔ بہار کی نتیش حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے لوگوں کے فیصلے کی توہین کی ہے۔ بہار میں، لوگ خود کو غیر محفوظ اورفریب زدہ محسوس کرتے ہیں، جس کی دلیل ریاست میں مجرمانہ واقعات میں بے تحاشہ اضافہ ہے۔
مسٹر یادو نے الزام لگایا کہ بہار میں سرجن اور ٹوائلٹ تعمیر جیسے قریب 12 سے زائد گھپلے بے نقاب ہوئے ہیں، لیکن وزیر اعلی مسٹر کمار ان گھپلوں میں ملوث لوگوں پر کارروائی کرنے کے بجائے گھپلہ کرنے والوں کو بچانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین بچاؤ یاترا کو بہار کے عوام کی پوری حمایت مل رہی ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما نے کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اتحاد کا مکمل خاتمہ یقینی ہے۔ اجلاس میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی سکریٹری جنرل محمد قمرعالم، پارٹی کے ممبر اسمبلی اختر الاسلام شاہین، آلوک کمار مہتا، ایجيا یادو، یوا آر جے ڈی کے ریاستی صدر محمدقاری صہیب سمیت کئی لیڈروں نے بھی خطاب کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Feb 2018, 11:47 PM