بنگال میں تیجسوی یادو کا بڑا داؤ، ممتا بنرجی کی حمایت کا کیا اعلان!
آج آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی اور پھر دونوں ہی لیڈروں نے اسمبلی انتخاب میں ایک ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔
کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے ساتھ آرجے ڈی کے اتحاد کی خبروں کے درمیان آج بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ریاستی سیکریٹریٹ میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی ۔ تیجسوی یادو نے گزشتہ سال کے اواخر میں ہوئے بہار اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی قیادت کی تھی۔ اس گٹھ بندھن میں کانگریس اور لیفٹ جماعتیں شامل تھیں۔ مگر بنگال میں کانگریس اور لیفٹ اتحاد ممتا بنرجی کے خلاف انتخاب لڑ رہی ہے۔ ممتا بنرجی اور تیجسوی یادو کے درمیان ملاقات میں ریاستی وزیر شہری ترقیات فرہاد حکیم بھی موجود تھے۔
اس سے قبل تیجسوی یادو نے کہا کہ راشٹریہ جنتادل کے سپریمو لالو پرساد یادو نے بنگال میں ترنمول کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنا ہے۔ ممتا بنرجی کو جہاں بھی ضرورت ہوگی ہم وہاں ان کی مدد کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی ممتا بنرجی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بہر حال، تیجسوی یادو کے ساتھ ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’ہم لڑ رہے ہیں مطلب تیجسوی بھائی لڑ رہے ہیں۔ اگر تیجسوی لڑ رہے ہیں تو سمجھیے ہم لڑ رہے ہیں۔ یہی پیغام بی جے پی کے درمیان جانا چاہیے۔ آپ جان لیجیے کہ بہار میں آپ (این ڈی اے) کی حکومت نہیں ٹکے گی۔ بنگال میں بھی آپ کو کچھ نہیں ملنے والا ہے۔‘‘
ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادو کا بیان بھی میڈیا کے سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’جہاں بھی ضرورت پڑے ہم ممتا بنرجی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری پہلی کوشش ہے کہ بی جے پی کو یہاں (بنگال میں) بڑھنے سے روکنا۔ ممتا جی کو جتانے میں ہم پوری طاقت لگائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے ملک کے لوگوں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے، اسے سبق سکھانا ہی ہوگا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : مودی حکومت پر ’دی گریٹ رابری‘ کا الزام کیوں لگ رہا؟
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور ترنمول کانگریس لیڈر و بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان ملاقات سے متعلق کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری کا رد عمل سامنے آ چکا ہے اور انھوں نے اس ملاقات سے کانگریس کو پوری طرح الگ رکھا ہے۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’لیفٹ پارٹی کے ساتھ سیٹ تقسیم کا ہمارا ایشو ابھی حل نہیں ہوا ہے، ابھی بات چیت چل رہی ہے۔ آر جے ڈی کے ساتھ ہماری کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ان کے لیڈر ممتا بنرجی سے بات کر رہے ہیں، لیکن یہ بالکل الگ بات ہے کیونکہ اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔