’بی جے پی نے تو ہنومان کے گھر میں ہی آگ لگا دی‘، چراغ پاسوان کا بنگلہ خالی کرانے پر تیجسوی کا طنز
چراغ پاسوان کو دہلی کے 12 جن پتھ بنگلے سے بے دخل کرنے پر تیجسوی یادو نے کہا کہ رام ولاس پاسوان اور چراغ پاسوان پی ایم مودی کے ساتھ ہی کھڑے رہے، لیکن ان کے گھر میں ہی آگ لگا دی گئی۔
لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی- رام ولاس) کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کو دہلی کے 12 جن پتھ بنگلے سے بے دخل کرنے پر آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہنومان کے بنگلے میں ہی آگ لگا دی گئی۔‘‘ ہفتہ کے روز تیجسوی یادو نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان اور چراغ پاسوان وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہی کھڑے رہے، لیکن ان کے گھر میں ہی آگ لگا دی گئی۔
پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تیجسوی نے جموئی کے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کے بنگلے سے بے دخل کرنے پر بی جے پی کو گھیرا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان آخری سانس تک بی جے پی کے ساتھ کھڑے رہے۔ لیکن بی جے پی نے ’ہنومان‘ کے گھر میں ہی آگ لگا دی۔ پہلے ہی پارٹی کو توڑ دیا اور لیڈروں کو الگ کر دیا، اور بنگلہ سے بھی بے دخل کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ چراغ پاسوان تو خود کو ہنومان کہا کرتے تھے، اب ہنومان کے گھر میں ہی آگ لگا دی۔
بی جے پی کے یوگی ماڈل کے بہار میں نافذ کرنے سے متعلق پوچھے جانے پر آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ کیا اب تک بہار میں ’سرکس ماڈل‘ ہے؟ بہار کے لوگ تو دیکھ رہے ہیں کہ یہاں سرکس ماڈل چل رہا ہے۔ یوپی ماڈل میں اگر بلڈوزر چلانا ہی ہے تو کہاں بے روزگاری پر بلڈوزر چلا؟ بدعنوانی پر کہاں بلڈوزر چلایا گیا؟ انھوں نے کہا کہ یہ سب کہنے کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جس عمران کو ہم جانتے تھے وہ تو ایسا نہ تھا... سید خرم رضا
علاوہ ازیں تیجسوی یادو نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے بھی وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کو گھیرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کے بہار میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ ڈبل انجن حکومت کے سبب ہر علاقے میں ٹربل ہی ٹربل (پریشانی) ہے۔ وزیر اعلیٰ بس اپنی عمر کاٹ رہے ہیں اور کمزور مجبور بی جے پی ان کی پالکی ڈھو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو بتانا چاہیے کہ بہاری نوجوانوں کی 19 لاکھ نوکریاں کہاں ہیں؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔